بیویوں کو شوہروں کے موبائل فون چیک کرنے کا حق ہے، اشنا شاہ
اداکارہ اشنا شاہ نے کہا ہے کہ بیویوں کو اپنے شوہروں کے موبائل فونز چیک کرنے کا مکمل حق حاصل ہے اور شادی کے بعد مرد حضرات ایسی حرکتیں برقرار نہ رکھیں، جن کی وجہ سے انہیں فونز چھپانے پڑیں۔
اشنا شاہ نے حال ہی میں سما ٹی وی کے پروگرام ’حد کردی‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی شادی سمیت شوبز کیریئر پر کھل کر بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ اداکاری میں انہیں پہلا موقع اقربا پروری کے تحت ملا، انہیں کینیڈا سے کسی جاننے والے نے ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے بلایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ انہیں پہلا موقع اقربا پروری کے تحت ملا لیکن بعد ازاں انہوں نے تمام کام اپنی محنت سے حاصل کیے اور انہیں ایک کے بعد ایک ڈرامے میں کام کی پیش کش ہوئی تو انہوں نے کینیڈا واپس جانے کا ارادہ ترک کردیا۔
پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ بولی وڈ فلم ساز انوراگ کشیپ نے انہیں اپنے شوہر حمزہ امین سے ملوایا تھا، انہوں نے انہیں فون کے ذریعے ملوایا تھا، جہاں سے ان کی دوستی ہوئی اور پھر انہوں نے شادی کرلی۔
اشنا شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے دیکھتے ہی حمزہ امین کو پسند کرلیا تھا، وہ دراز قد اور خوبصورت تھے جب کہ انہیں دیکھتے ہی ان کے شوہر نے والدہ سے بات کی اور کہا کہ اسی سے ہی شادی کرنی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر اچھے انسان ہیں، انہوں نے شادی کے دوسرے ہی دن اپنے موبائل فون میں ان کی فیس آئی ڈی لگائی۔
اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بالکل، بیویوں کو اپنے شوہروں کے موبائل فون چیک کرنے کا حق ہے اور وہ کیوں موبائل چیک نہ کریں؟
اشنا شاہ کا کہنا تھا کہ بیوی کو کبھی اپنے شوہر کا فون چیک کرنے کی ضرورت نہیں پڑنی چاہیے لیکن اگر کبھی وہ اچانک فون اٹھاکر چیک کرنے لگے تو شوہروں کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح شادی کے بعد شوہروں کو اپنے موبائل فون ٹیبل یا بستر پر الٹے بھی نہیں رکھنے چاہیے، انہیں کسی چیز کو چھپانا نہیں چاہیے۔
اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر ایسے نہیں ہیں، وہ بہت اچھے ہیں، ان سے موبائل نہیں چھپاتے۔