نیوجرسی کےامریکی نژاد ڈاکٹرز کا پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں مفت ایمبولینس سروس شروع کرنے کا اعلان
تقریب میں ڈاکٹروں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد کی شرکت ،محفل موسیقی نے تقریب کو چار چاند لگادئیے
امریکہ میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں پر مشتمل تنظیم ایسوسی ایشن آف فزیشن آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ کے نیو جرسی چیپٹر کے زیر اہتمام نیو جرسی کے علاقے نیو برنزوک میں قائم رابرٹ ووڈ جانسن یونیورسٹی ہاسپٹل میں اسپرنگ میٹنگ2024 کا انعقاد کیا گیا، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ڈاکٹر مصطفی جعفری نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔بعد از تلاوت ڈاکٹر تزئین اظفر نے امریکہ و پاکستان کے قومی ترانوں کی تعظیم میں شرکاء سے کھڑے ہونے کی درخواست کی، تمام مہمانوں نے یک زباں ہو کر ترانے پڑھے۔تقریب میں کورونری اور پیریفرل آرٹیریل بیماری کے حوالے سے مریضوں میں کیلسیفائڈ کا علاج اور انٹراویسکولر لیتھو ٹریپسی کی طرف ایک مثالی تبدیلی کے حوالے سے خصوصی لیکچر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔اپنا نیو جرسی چیپٹر کی سیکرٹری ڈاکٹر آمنہ ثاقب نے تقریب کے شرکاء سے اس بیماری سے متعلق لیکچر دینے کے لئے آئے ہوئے ڈاکٹر رمضان زاکر کا تعارف کروایا۔ڈاکٹر رمضان زاکر نے حاضرین محفل کو اس بیماری کی تفصیلات اور اس سے بچاؤ کے بارے میں آگاہ کیا۔اپنا نیو جرسی چیپٹر کی سابقہ صدر ڈاکٹر شہناز اختر نے ابتدائی کلمات سے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا اور شرکاء کو اسپرنگ میٹنگ 2024 میں خوش آمدید کہا جبکہ تقریب کے مہمانان خصوصی ایلن لی، بل آرنلڈ ، ڈاکٹر جیسن نیہمد اور دیگر کو پروگرام میں شامل ہوکر یادگار بنانے کے لئے شکریہ ادا کیا۔اپنا نیو جرسی چیپٹر کی ٹرسٹی اور تقریب کی میزبان رضوانہ خان نے اپنا نیو جرسی چیپٹر کی صدر ڈاکٹرعرفانہ خان کا تفصیلی تعارف کرواتے ہوئے انہیں اسٹیج پر شرکاء سے خطاب کی دعوت دی ۔شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے اپنا نیو جرسی کی پریذیڈنٹ ڈاکٹر عرفانہ خان کا کہنا تھا کہ نیو جرسی طب کے شعبے میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرتا ہے۔ آج کا یہ پروگرام ہماری کمیونٹیز کے لیے جدت، تعاون اور خدمت کے ایک اور سال کا آغاز ہے۔ ڈاکٹر عرفانہ نے کہا کہ اپنا نیو جرسی کا ایک مقصد ایک ایسا پل بننا ہے جو مختلف پس منظر کے حامل پاکستانی ڈاکٹروں کو ایک دوسرے سے جوڑتا اور معالجین کو تعلیمی اور فلاحی منصوبے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر عرفانہ نے پاکستان کے پسماندہ علاقوں کے لیے مفت ایمبولینس سروس کے قیام کا بھی اعلان کیا۔بعد ازاں اپنا نیو جرسی چیپٹر کی سابقہ پریزیڈنٹ سائرہ زبیر نے اپنا نیو جرسی چیپٹر کے اگلے پریزیڈنٹ ڈاکٹر محمود عالم کا تعارف کرواتے ہوئے انھیں اسٹیج پر مدعو کیا۔تقریب میں شریک ڈاکٹر محمود عالم نے اپنے خطاب میں شرکاء کو بتایا کہ یہ تنظیم تقریباً 48 سال قبل 1976 میں قائم ہوئی تھی اور اس تنظیم کے قائم کرنے والوں نے اپنے پیشے اور مادر وطن کے لیے اپنے یقین کے تحت، پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی انجمن کے قیام کا اعلان کیا تاکہ ہم سب اجتماعی طور پر اخلاقی اقدار کو برقرار رکھ سکیں، سماجی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں، تعلیمی اور فکری تعاون کر سکیں۔ طبی نگہداشت کو اپ گریڈ کریں اور سب کو طبی دیکھ بھال فراہم کریں، قطع نظر اس کے کہ ان کے آبائی ملک، ان کے مذہب اور نسل سے ہیں۔محمود عالم نے بتایا کہ اس سال امریکہ میں 600 سے زائد پاکستانی نژاد طلباء نے ریذیڈینسی میں پوزیشنز حاصل کیں جو ماضی کے مقابلے میں اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔بعد ازاں تقریب کے مہمان خصوصی رابرٹ ووڈ جانسن یونیورسٹی ہاسپٹل کے پریذیڈنٹ اور سی ای او بل آرنلڈ کا تعارف پیش کرتے ہوئے انھیں اسٹیج پر مدعو کیا گیا۔رابرٹ ووڈ جانسن یونیورسٹی ہاسپٹل کے پریزیڈنٹ اور سی ای او بل آرنلڈ کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی اس تقریب میں شرکت کر کے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ اپنا نیو جرسی کی ٹیم ہمیشہ اسٹرانگ رہی ہے اور میں انکی کارکردگی اور کوششوں سے ہر دفعہ متاثر ہو تا ہوں۔اپنا نیو جرسی کی صدر ڈاکٹر عرفانہ نے رابرٹ ووڈ جانسن یونیورسٹی ہاسپٹل کے پریذیڈنٹ ایلن لی کو اسٹیج پر مدعو کیا اور اور بل آرنلڈ کو ایوارڈ دینے کی دعوت دی۔رابرٹ ووڈ جانسن یونیورسٹی ہاسپٹل کے پریذیڈنٹ اور سی ای او بل آرنلڈ کی خدمات کے اعتراف میں اپنا نیو جرسی چیپٹر کی طرف سے ایوارڈ بھی دیا گیا۔بعد ازاں اپنا نیو جرسی چیپٹر کے کونسلر ڈاکٹر محمد ذبیر کواسٹیج پر مدعو کیا گیا اور انکی خدمات کے عوض انھیں ایوراڈ سے نوازا گیا، مہمان خصوصی بل آرنلڈ نے ڈاکٹر زبیر کو ایوارڈ پیش کیا۔شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے ڈاکٹر زبیر کا کہنا تھا کہ ایک طبیب کے طور پر ہمارے لیے ایک زندگی بہت اہم ہے، درحقیقت پوری دنیا میں خاص طور پر مشرق وسطیٰ، یوکرین اور روس کی جنگ میں اتنے بے گناہوں لوگ مارے جا رہے ہیں، اصل زمہ دار پردے کے پیچھے بیٹھے ہیں، لیکن معصوم، خواتین، بوڑھے، بچے مارے جا رہے ہیں۔ لہذا اپنا نیو جرسی کے عہدیدار کے طور پر، میں کسی بھی جنگ کی شدید مذمت کرتا ہوں اور میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ اس دنیا میں ہر جگہ جنگ بندی ہونی چاہیے۔تقریب کے اہم اسپانسر محمد نعیم کو متعارف کرواتے ہوئے ڈاکٹر زبیر کا کہنا تھا کہ یہ وہ شخص ہے جس نےکووڈ نائینٹین میں پوری ریاست میں ٹیسٹ کرنے کے لیے گورنر ہاؤس کو لاکھوں N 95 ماسک دیے۔ اور اب مستقل طور پر اپنا نیو جرسی کے پارٹنر کے طور پر ہمارے ساتھ ہیں۔بعد ازاں regional director of surgical in Hackensack Meridian ڈاکٹر فیض بورا کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا اور انیس سعید کے لئے ایوارڈ پیش کیا گیا۔نیوجرسی کے شہر ماؤنٹ لوریل میں پہلی پاکستانی امریکن میئر فوزیہ جنجوعہ کا تعارف کرواتے ہوئے ڈاکٹر آمنہ کا کہنا تھا کہ وہ تارکین وطن والدین کی بیٹی ہےجن کی کمیونٹی خدمات ملک بھر میں دور دور تک پھیلی ہوئی ہیں۔ فوزیہ جنجوعہ مختلف بورڈز میں بہت اہم اور ممتاز عہدوں پر فائز رہی ہیں۔فوزیہ جنجوعہ کو بھی اپنا نیو جرسی چیپٹرکی جانب سے انکی خدمات کے عوض ایوارڈ سے نوازا گیا، سی ای او Hackensack Meridian ہیلتھ ڈاکٹر جیسن نیہمد نے فوزیہ جنجوعہ کو ایوارڈ پیش کیا۔بعد ازاں ڈاکٹر اویس مسعود نے ڈاکٹر عثمان مصطفیٰ کا تعارف کرواتے ہوئے انھیں ایوارڈ لینے کے لئے اسٹیج پر مدعو کیا، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عثمان ایک حیرت انگیز ماہر امراض قلب ہونے کے ساتھ ساتھ بہت اچھے انسان بھی ہیں۔ میرے دل میں ان کی سب سے بڑی کامیابی ان کا انسان دوست کام ہے۔ڈاکٹر محمد زبیر نے ڈاکٹر عثمان مصطفیٰ کو ایوارڈ پیش کیا۔امریکہ میں ساؤتھ ایشئین کمیونٹیز میں یکساں مقبول شخصیت مرحوم سیم خان کے اہلخانہ بھی مدعو تھے۔ڈاکٹر نادیہ نے سیم خان کا تعارف کرواتے ہوئےکہا کہ سیم خان نے اپنی زندگی ہماری کمیونٹی کی بہتری کے لیے وقف کر دی، وہ ایک وژنری رہنما تھے جنہوں نے تمام برادریوں کو اکٹھا کرنے کے لیے انتھک اور انتہائی جذبے کے ساتھ کام کیا۔اور ان کی میراث ہم سب کو متاثر کرتی رہے گی۔تقریب میں مرحوم سیم خان کی فیملی کو بھی مدعو کیا گیا تھا اور سیم خان کی کمیونٹی کے لئے کی گئی خدمات کے عوض ایوارڈ سے نوازا گیا۔سیم خان کی فیملی نے اس اہم موقع پر انھیں یاد رکھے جانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انکل ایک غیر معمولی آدمی تھے۔ وہ تمام انسانی برادریوں کے لیے ایک پل کے طور پر کردار ادا کرتے رہے ، میں یہ اعتراف کرتا ہوں کہ کمیونٹی کی خدمات میں نیو جرسی میں سب سے اوپر کھڑا ہونے والا سیم خان تھا۔ چاہے ساکو ہو، امریکن مسلم کونسل ہو یا یوم پاکستان پریڈ سیم خان پوری انسانیت کے بھائی تھے۔ تمام عہدیداران کے خطاب اور ایوارڈ ڈسٹری بیوشن کے بعد ینگ فزیشنز میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔ یہ سرٹیفکیٹس ریجنل میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر وک بتولا ، ان ویژن نارتھ آپریٹنگ یونٹ کے پروگرام ڈائیریکٹر ، آئی ایم ریزیڈینسی ورچوئل ہیلتھ ڈاکٹر ریحان شاہ نے تقسیم کئے۔ڈنر اناؤنسمنٹ ہوئی تو سب نے طعام سے خوب لطف اٹھایا۔تقریب میں مہمانوں کی تفریح کا سامان بھی کیا گیا تھا۔ شہنشاہ غزل مرحوم مہدی حسن کے بیٹے کامران مہدی حسن نے موسیقی کی محفل سجائی ۔حاضرین گائیکی سے خوب محظوظ ہوئے اور کامران مہدی حسن کی گائی ہوئی غزلوں کو خوب سراہا۔