vosa.tv
Voice of South Asia!

اپنا کرکٹ ٹیم امریکن کرکٹ لیگ سیریز کھیلنے کے لیے تیار

0

نوجوانوں کو اپنی کمیونٹی میں مصروف رکھنے کے لیے یہ ایک صحتمندانہ اقدام ہے،چئیرمین پرویز صدیقی

بروکلین:اپنا کمیونٹی سینٹر نے دیگر فلاحی وسماجی کاموں کے ساتھ ساتھ اب نوجوانوں میں کرکٹ کو فروغ دینے کے لئے اپنا کرکٹ کلب کے قیام کا بھی اعلان کردیا۔اپنا کرکٹ ٹیم امریکن کرکٹ لیگ سیریز کے میچز میں بھی حصہ لے گی۔اپنا کرکٹ کلب ٹیم کی تعارفی تقریب کا انعقاد بروکلین کے علاقے میں قائم اپنا کمیونٹی سینٹر کے دفتر میں کیا گیا، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔اس موقع پر اپنا کمیونٹی کے چیئرمین پرویز صدیقی کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا جنون ہر پاکستانی میں موجود ہے۔ کوئی شخص ایسا نہیں جو کرکٹ کو پسند نہ کرتا ہو،میں سمجھتا ہوں کہ نوجوانوں کو اپنی کمیونٹی میں مصروف رکھنے کے لیے یہ ایک صحتمندانہ اقدام ہے اور یہ کہتے ہوئے مجھے فخر محسوس ہوتا ہے کہ  اس اقدام سے ہماری سماجی و ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔اپنا کرکٹ کلب کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے سی ای او ارم حنیف کا کہنا تھا کہ اپنا کمیونٹی سینٹر کمیونٹی ممبران کے لیے نت نئے پروگرام بنانے اور لانے کی مسلسل کوشش کر تا رہتا  ہے۔سال 2024 میں ہمارا ہدف ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو جسمانی اور صحت سے متعلق اور تندرستی سے متعلق سرگرمیوں اور پروگراموں میں مصروف رکھنے کے لیے مزید خدمات اور پروگرام شامل کریں۔ٹیم کے کپتان محمد حنیف کا کہنا تھا کہ کرکٹ وہ واحد کھیل ہے جو پاکستان کے ساتھ ساتھ دیگر بہت سے ممالک میں مقبول ہے،محمد حنیف  نے امریکن کرکٹ لیگ 2024 کے حوالے سے ٹیم کی مصروفیات کا شیڈول بتاتے ہوئے کہا کہ سیریز میں ٹیم 40اوورز کے 16 میچز اور 20 اوورز کے 6 میچز  کھیلے گی۔تقریب میں اپنا اڈلٹ ڈے کئیر،ایفیکٹیو ہوم کئیر اور مرحبا فارمیسی سمیت اپنا کرکٹ کلب کےتمام اسپانسرز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پر ایفیکٹیو ہوم کئیر کی نمائندہ  لیریسا کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لئےاپنا کمیونٹی سینٹر  کا یہ اقدام نہ صرف انتہائی اہمیت کا حامل ہے بلکہ دیگر تنظیموں سے منفرد بھی ہے کیونکہ اس سے ہمیں اپنے نوجوانوں کو صحتمندانہ آؤٹ ڈور سرگرمیاں فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین پرویز صدیقی نے کھلاڑیوں کو  کیپس پہنائیں اور کٹس تقسیم کیں۔اس موقع پر اپنا کمیونٹی کی ڈائریکٹر شازیہ وٹو بھی موجود تھیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.