وفاقی جیل آپریشن کے دوران ممنوعنہ اشیاء ضبط
نیویارک:نیو یارک سٹی کی فیڈرل جیل میں اس ہفتے ایک بڑے پیمانے پر کیے گئے آپریشن کے دوران منشیات، گھریلو ساختہ ہتھیار اور الیکٹرانک آلات ضبط کر لیے گئے۔یہ آپریشن بروکلین کے میٹروپولیٹن ڈیٹینشن سینٹر میں شروع ہوا، جو پورے ہفتے جاری رہا۔ اس کارروائی میں بیورو آف پرِزنس، محکمہ انصاف کے انسپکٹر جنرل، اور دیگر مقامی، ریاستی اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے ادارے شامل تھے. بیورو آف پرِزنس کا کہنا ہے کہ یہ چھاپہ پہلے سے منصوبہ بند اور منظم تھا تاکہ جیل کے عملے اور قیدیوں کی حفاظت اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی ایک وسیع حفاظتی اور سیکیورٹی اقدام کا حصہ تھی اور کسی خاص خطرے یا انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر نہیں کی گئی۔یہ آپریشن کومبز کی حراست سے متعلق نہیں تھا تاہم ان کی موجودگی کی وجہ سے جیل عوامی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ چھاپے کے دوران کسی بھی فرد پر مجرمانہ الزامات عائد نہیں کیے گئے۔شان ڈیڈی کومبز کے وکلا نے جیل کے اندرونی حالات پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کی ضمانت پر رہائی کی کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے جیل کی ابتر حالت، بڑھتی ہوئی تشدد کی وارداتوں، اور متعدد اموات کی مثالیں پیش کی ہیں، جب کہ کومبز کو اگلے سال مئی میں جنسی اسمگلنگ کے الزامات پر مقدمے کا سامنا کرنا ہے۔