vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں شدید گرمی کی وارننگ، میئر کی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت 

0

 نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی نے موسمِ گرما کے دوران متوقع شدید گرمی کے پیش نظر شہریوں کو پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔

شہری انتظامیہ کے مطابق نیویارک سٹی میں 11 جون دوپہر سے 12 جون شام تک ہیٹ ایڈوائزری نافذ رہے گی۔ پیش گوئی کے مطابق درجہ حرارت 90 ڈگری فارن ہائیٹ کی درمیانی سطح تک پہنچ سکتا ہے جبکہ ہیٹ انڈیکس 100 ڈگری فارن ہائیٹ کے قریب جا سکتا ہے۔میئر ممدانی نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ پانی پئیں، دن کے گرم ترین اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور ایئرکنڈیشنڈ مقامات پر رہنے کی کوشش کریں۔شہری حکام کے مطابق نیویارک میں ہر سال مئی سے ستمبر کے درمیان اوسطاً 500 افراد گرمی سے متعلق وجوہات کے باعث جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی شخص میں سانس لینے میں دشواری، تیز دھڑکن، چکر آنا، الجھن، متلی یا گرم اور خشک جلد جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر 911 پر رابطہ کیا جائے۔شہر کی ایمرجنسی مینجمنٹ نے گرمی کی شدت کے پیش نظر مختلف علاقوں میں کولنگ سینٹرز فعال کر دیے ہیں، جن میں لائبریریاں، پارکس ڈیپارٹمنٹ کی عمارتیں اور بزرگوں کے مراکز شامل ہیں۔ شہری قریبی کولنگ سینٹر کی معلومات کے لیے 311 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.