امریکی بارڈر پٹرول نے قومی سرحدی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے نئے بارڈر پٹرول ایجنٹس کی بھرتی مہم شروع کر دی ہے، جس کے تحت اہل امیدواروں کو 60 ہزار ڈالر تک مالی مراعات بھی دی جا سکتی ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق بارڈر پٹرول ایجنٹ کی ملازمت میں قانون نافذ کرنے کے فرائض کے ساتھ مشکل اور متنوع جغرافیائی علاقوں میں فیلڈ آپریشنز بھی شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ بعض اہم تعیناتیوں اور ضرورت والے علاقوں میں خدمات انجام دینے کے لیے نئے بھرتی ہونے والوں کو 60 ہزار ڈالر تک بونس دیا جا سکتا ہے۔امیدواروں کے لیے امریکی شہریت، سیکیورٹی اور پس منظر کی جانچ، جسمانی فٹنس ٹیسٹ، طبی معائنہ، منشیات کی اسکریننگ اور وفاقی قانون نافذ کرنے والی اکیڈمی میں تربیت مکمل کرنا لازمی ہوگا۔ منتخب امیدواروں کو رات، دن، ہفتہ وار تعطیلات اور ہنگامی اوقات میں بھی ڈیوٹی انجام دینے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ادارے کے مطابق تربیت مکمل کرنے کے بعد اہلکاروں کو مختلف سرحدی مقامات پر تعینات کیا جائے گا جہاں وہ عملی فرائض انجام دیں گے۔بارڈر پٹرول کا کہنا ہے کہ دلچسپی رکھنے والے امیدوار سرکاری وفاقی بھرتی پلیٹ فارمز کے ذریعے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ انتخاب کا عمل متعدد مراحل پر مشتمل ہوگا جس میں جسمانی استعداد، پس منظر اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔