نیویارک کے میئر زوہرن مامدانی، گورنر کیتھی ہوکل، فیفا اور NYNJ ہوسٹ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے موقع پر سنٹرل پارک میں ایک بڑی اور مفت عوامی واچ پارٹی کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تقریباً 50 ہزار افراد شرکت کر سکیں گے۔
یہ ایونٹ 19 جولائی کو سینٹرل پارک کے “گریٹ لان” میں منعقد ہوگا اور اسے دنیا کی سب سے بڑی فری واچ پارٹیوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔ شرکاء کے لیے ٹکٹنگ کا عمل گلوبل سٹیزن کے ذریعے لاٹری سسٹم پر ہوگا، جس کے لیے رجسٹریشن 11 جون سے شروع ہو گی اور 16 جولائی تک جاری رہے گی۔ پروگرام دوپہر 12 بجے دروازے کھلنے کے بعد شروع ہوگا جبکہ میچ 3 بجے سہ پہر (ای ٹی) نشر کیا جائے گا۔منتظمین کے مطابق تقریب کے لیے 20 فیصد ٹکٹس مقامی فلاحی اداروں اور NYC سروس کے رضاکاروں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ ایونٹ میں بڑے LED اسکرینز، لائیو میوزک، مقامی فوڈ اسٹالز اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا جبکہ iHeartRadio آفیشل میڈیا پارٹنر ہوگا۔تقریب کے موقع پر “فیفا ایرینا” نامی ایک عارضی منی فٹبال گراؤنڈ بھی سنٹرل پارک میں کھولا گیا ہے جو پورے ٹورنامنٹ کے دوران عوام کے لیے دستیاب رہے گا۔ یہاں فری کوچنگ، یوتھ ٹورنامنٹس اور اوپن پلے سیشنز بھی منعقد ہوں گے۔