امریکی ووٹرز کو انتخابات کے بعد کے ممکنہ تشدد گہری تشویش
ایسوسی ایٹ پریس نیشنل آپینین ریسرچ سینٹر کے نئے سروے کے مطابق امریکی ووٹرز کو انتخابات کے بعد کے ممکنہ تشدد اور نتائج کو چیلنج کرنے کی کوششوں پر گہری تشویش لاحق ہے۔سروے میں شامل امریکی شہریوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ حالیہ انتخابات کے ماحول میں سیاسی تقسیم اور عدم استحکام کی صورتحال تیزی سے بڑھ رہی ہے، اور اس کا نتیجہ ممکنہ طور پر انتخابی نتائج کو غیر یقینی بناتے ہوئے پُرتشدد واقعات کی صورت میں نکل سکتا ہے۔اس پول کے مطابق، ووٹرز کو خاص طور پر ان لوگوں کے رویے پر تشویش ہے جو اپنے پسندیدہ امیدوار یا جماعت کی شکست کو قبول کرنے سے انکار کر سکتے ہیں اور انتخابی عمل یا جیتنے والے امیدوار کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھا سکتے ہیں۔ اس سے نہ صرف عوام میں بےچینی بڑھنے کا خدشہ ہے بلکہ ملک میں انتشار کی فضا پیدا ہونے کا خطرہ بھی ہے۔ سروے میں متعدد امریکی شہریوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے نزدیک ایسی صورتحال میں خود کو اور اپنے اہلخانہ کو محفوظ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے، کیونکہ انتخابات کے بعد کسی بھی تنازعہ یا جھگڑے کی صورت میں ان کی جان و مال کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ سیاسی ماحول میں بڑھتی ہوئی تقسیم اور عداوت کے اسباب میں ایک اہم عنصر سوشل میڈیا بھی ہے، جہاں پر تشدد کو ہوا دی جا سکتی ہے اور افواہوں کے ذریعے عوام کو مزید بھڑکایا جا سکتا ہے۔اس سروے کے ذریعے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اکثر لوگ محسوس کرتے ہیں کہ سیاست دان اور جماعتیں اپنے مفادات کے لئے عوامی تقسیم کو ہوا دے رہے ہیں، جس سے یہ مسئلہ مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔