vosa.tv
Voice of South Asia!

ٹرمپ کا ایران پر مزید حملوں کا اعلان، خطے میں کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی

0

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مزید سخت فوجی کارروائیوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوئی تو امریکا دوبارہ حملے کر سکتا ہے۔

 وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ معاہدے کے امکانات موجود ہیں، تاہم تہران کی جانب سے تاخیر صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کے قریب امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کے واقعے کے بعد امریکا کو جوابی کارروائی کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور بہتر یہی ہے کہ وہ مجوزہ معاہدے پر دستخط کر دے۔ امریکی صدر کے مطابق ان کی انتظامیہ مشرق وسطیٰ میں امن چاہتی ہے لیکن قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی درخواست پر ایران کے خلاف کارروائی کو وقتی طور پر روکا گیا تھا اور پاکستان کی قیادت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات تقریباً مکمل ہو چکے ہیں اور اب صرف معاہدے کو حتمی شکل دینا باقی ہے۔دوسری جانب ایران نے امریکی بیانات کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی جارحانہ اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ بیرونی طاقتوں کی موجودگی خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہی ہے اور اگر امریکا خود کو محفوظ رکھنا چاہتا ہے تو اسے خطے سے نکل جانا چاہیے۔ ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.