فلپائن میں 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے نے جنوبی علاقوں میں تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں اب تک کم از کم 32 افراد ہلاک جبکہ 200 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
زلزلے کے بعد متاثرہ ساحلی علاقوں میں ایک میٹر تک بلند سونامی لہریں بھی دیکھی گئیں، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔زلزلے کا مرکز منڈاناؤ کے قریب سمندر میں تقریباً 32 کلومیٹر دور اور کم گہرائی میں تھا، جس کے باعث جھٹکے زمین پر انتہائی شدید محسوس کیے گئے۔ شہری خوفزدہ ہو کر گھروں، دفاتر اور تعلیمی اداروں سے باہر نکل آئے جبکہ کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں اور بنیادی انفراسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔حکام کے مطابق فلپائن سمیت انڈونیشیا، جاپان اور دیگر قریبی ممالک میں سونامی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔