vosa.tv
Voice of South Asia!

بھارتی ٹیم کو پاکستان لانا آئی سی سی کی ذمہ داری قرار

0

رپورٹ: زین ندیم

کراچی: چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کو پاکستان لانا آئی سی سی کی ذمہ داری قرار دے دی گئی .چیمپئنز ٹرافی کے لیے پی سی بی نے شیڈول اور فارمیٹ جمع کرا دیا ہے، جسے کونسل شریک ممالک کو پیش کر کے بحث کے بعد حتمی شکل دے گی۔ ایونٹ کے دوران بھارتی ٹیم کے تمام میچز لاہور میں ہوں گے، جبکہ فائنل میں رسائی کی صورت میں بھی انہیں قذافی اسٹیڈیم پر ہی کھیلنا ہوگا۔آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے منظور شدہ بجٹ میں ضمنی اخراجات بھی شامل کیے ہیں، جس کا مقصد بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی صورت میں میچز کسی دوسرے مقام پر رکھنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت ٹیم کی شرکت کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی ہے اور بی سی سی آئی نے کوئی واضح موقف اختیار نہیں کیا ہے۔پی سی بی نے بھارت کے پاکستان نہ آنے کو آئی سی سی کی ذمہ داری قرار دیا ہے۔ دوسری جانب، آئی سی سی کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے کے فیصلے پر بی سی سی آئی کی تصدیق کا انتظار ہے۔واضح رہے کہ ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کے انکار کے بعد ہائبرڈ ماڈل اپنایا گیا تھا، تاہم چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ چند روز قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ بلو شرٹس کے میچز کسی دوسرے وینیو پر منتقل کر دیے جائیں گے، لیکن اس حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔پی سی بی حکام کو یقین ہے کہ آئندہ برس ایشیا کپ کے دوران تمام شریک ٹیمیں پاکستانی وینیوز پر کھیلیں گی، اور کراچی، لاہور، اور راولپنڈی اسٹیڈیمز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.