نیویارک: مشتاق احمد کمبوہ کی اہلیہ کی نمازِ جنازہ ادا، جسدِ خاکی پاکستان روانہ
نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سماجی شخصیت مشتاق احمد کمبوہ کی اہلیہ کی نمازِ جنازہ مکی مسجد میں ادا کردی گئی ۔مرحومہ کا جسدِ خاکی تدفین کے لیے پاکستا ن روانہ کردیا گیا ہے۔
بین المذاہب امن کمیٹی کے چیف کوآرڈینیٹر اور سماجی شخصیت مشتاق احمد کمبوہ کی اہلیہ کی نمازِ جنازہ کونی آئی لینڈ پر واقع کی مسجد میں ادا کی گئی جس میں کمیونٹی کی سیاسی ، سماجی اور کاروباری شخصیات سمیت اہلِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔نمازیوں سے خطاب میں مسجد کے پیش امام قاری اسامہ کا کہنا تھا کہ پروردگار نے دینِ اسلام میں شوہر کا مرتبہ بہت بلند رکھا ہے ۔مرحومہ کے غسل کفن کے انتظامات الریان مسلم فیونرل سروسز میں انجام دیے گئے ۔ نماز ِ جنازہ کے دوران مشتاق کمبوہ اوران کے بیٹے سمیت قریبی عزیز و اقارب اشکبار تھے۔ اس موقع پر مرحومہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی ۔نماز ِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد مشتاق کمبوہ کی اہلیہ کی میت ان کے آبائی شہر فیصل آباد میں تدفین کے لیے نیویارک کے جے ایف کے ایئرپورٹ سے پاکستان روانہ کردی گئی ہے ۔