نیویارک سٹی کے میئر ممدانی نے “بلاک بائی بلاک: دی ہاؤسنگ پلان فار اے نیو ایرا” کے نام سے شہر کے بڑھتے ہوئے ہاؤسنگ بحران سے نمٹنے کے لیے ایک بڑا منصوبہ پیش کردیا ہے، جس کے تحت آئندہ 10 برسوں میں 2 لاکھ نئے سستے گھر تعمیر اور مزید 2 لاکھ گھروں کو محفوظ بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
منصوبے کے لیے اگلے پانچ برسوں میں 22 ارب ڈالر کی تاریخی سرمایہ کاری کی جائے گی۔منصوبے کے تحت “اوپن ڈور” پروگرام کو دوگنا کیا جائے گا تاکہ کم آمدنی والے افراد کو گھر خریدنے کے مواقع مل سکیں، جبکہ “آور ہوم” کے نام سے نیا پروگرام بھی شروع ہوگا جس کے ذریعے مستقل طور پر سستے کوآپریٹو ہاؤسنگ یونٹس بنائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ غیر ذمہ دار لینڈ لارڈز کے خلاف سخت کارروائی، بلڈنگ انسپیکشن نظام میں اصلاحات اور گرمی و دیگر شکایات پر فوری کارروائی کے اقدامات بھی شامل ہیں۔پلان میں نیویارک سٹی ہاؤسنگ اتھارٹی (NYCHA) کے لیے بھی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے، جسے حالیہ تاریخ کی سب سے بڑی شہری سرمایہ کاری قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تعمیراتی مزدوروں کے لیے کم از کم 40 ڈالر فی گھنٹہ اجرت اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے “کنسٹرکشن جسٹس ایکٹ” نافذ کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔