ورلڈ کپ سے قبل مین ہیٹن میں بائیک لین کشادہ کرنے کا اعلان
نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے 2026 فیفا ورلڈ کپ سے قبل مین ہیٹن کی مصروف سکس ایونیو پر قائم محفوظ بائیک لین کو مزید وسیع کرنے کا اعلان کر دیا ہے تاکہ شہریوں اور سیاحوں کے لیے سفر کو زیادہ محفوظ اور آسان بنایا جا سکے۔
شہری انتظامیہ کے مطابق 14ویں اسٹریٹ سے 31ویں اسٹریٹ تک بائیک لین کی چوڑائی 6 فٹ سے بڑھا کر 10 فٹ کی جائے گی، جبکہ کچھ علاقوں میں پیدل چلنے والوں کے لیے اضافی جگہ بھی مختص کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ کشادہ لین تیز رفتار سائیکل سواروں اور ای بائیک استعمال کرنے والوں کے لیے زیادہ محفوظ ماحول فراہم کرے گی۔میئر ممدانی نے کہا کہ ورلڈ کپ کے موقع پر نیویارک کی سڑکوں کو مزید محفوظ اور جدید بنایا جا رہا ہے تاکہ تقریب کے بعد بھی شہری ان سہولیات سے فائدہ اٹھاتے رہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق سکس ایونیو شہر کی مصروف ترین سائیکل روٹس میں شامل ہے اور یہاں ماضی میں ٹریفک حادثات اور پیدل افراد کے زخمی ہونے کے کئی واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔حکام نے بتایا کہ اسی نوعیت کے منصوبوں سے دیگر علاقوں میں ٹریفک حادثات اور اموات میں 30 فیصد سے زائد کمی آئی ہے۔ منصوبہ ورلڈ کپ میچز شروع ہونے سے پہلے جون تک مکمل کیے جانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔