سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کے افطار ڈنر میں لوگوں کی بھرپور شرکت
سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کاروباری افراد اور ورکرز کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک مسلمانوں کی نجات کا مہینہ ہے جس میں اللہ تعالی اپنے بندوں پر بے شمار رحمتیں اور برکتیں نازل کرتا ہے ۔سعودی دارالحکومت ریاض میں نامور کاروباری شخصیت چوہدری محمد رضوان اور آفتاب رضا کی جانب سے منعقدہ دعوت افطار میں پاکستانی ورکرز کی بڑی تعداد شریک تھی جبکہ دیگر اہم شخصیات بھی شامل تھیں۔ اس موقعہ پر شرکاء کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے اور ہمارے دل حرمین شریفین کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ شرکاء نے مزید کہا کہ ماہ صیام ہمیں مل بیٹھنے کا موقعہ فراہم کرتا ہے سحری اور افطار کی محافل پردیس میں اپنائیت کا احساس دلاتی ہیں اور ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک کے روزے رکھنے اور ان کا اہتمام کرنے کی توفیق عطا فرمائی ہے ۔دعوت افطار میں ارسلان اسلم ،سجاد مہدی فیصل گجر ، زین الحسن کوٹلہ، نثار ، جاوید جنگل اور دیگر اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔علاوہ ازیں سعودی عرب میں نامور کاروباری شخصیت افتخار احمد نےدعوت افطار کا اہتمام کیا۔دارالحکومت ریاض میں کاروباری شخصیت افتخار احمد کی جانب سے منعقدہ دعوت ِافطار میں کاروباری افراد سمیت دیگر مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی جبکہ خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی ۔اس موقعہ پر شرکاء کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک ہمارے لئے بے شمار آسانیاں لیکر آتا ہے اور اللہ کا فضل اور کرم ہم مسلمانوں پر برستا ہے اور ہم اپنے پروردگار کے شکر گزار ہیں جس نے رمضان المبارک کو ہماری بخشش اور پرہیز گاری کا وسیلہ بنایا ہے۔ اس موقعہ پر افتخار احمد کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کی برکتوں کی بدولت ہی مسلمانوں میں باہمی بھائی چارے اور یگانگت کا عملی مظاہرہ دیکھنے کو ملتا ہے اور ہم اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں یہ ماہ مبارک بخشا ہے۔