امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے 2026 اسٹوڈنٹ ایمبیسیڈر پروگرام کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔
یہ ایک ریموٹ پروگرام ہے جس کا مقصد امریکہ میں زیرِ تعلیم انڈرگریجویٹ طلبہ کو مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی، کمیونٹی لیڈرشپ اور ڈیجیٹل آگاہی کے میدان میں عملی تجربہ فراہم کرنا ہے۔پروگرام کے تحت منتخب طلبہ اپنے تعلیمی اداروں میں گوگل کے مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارم "جیمنی” سمیت دیگر اے آئی ٹولز کے نمائندے کے طور پر کام کریں گے۔ شرکاء مختلف ورکشاپس، تربیتی سیشنز، طلبہ کی سرگرمیوں اور آگاہی مہم کا انعقاد کریں گے۔یہ پروگرام اگست یا ستمبر 2026 سے دسمبر 2026 تک جاری رہے گا۔ شرکاء کو ہفتہ وار 15 گھنٹے تک کام کرنا ہوگا۔ درخواست دہندگان کا کسی تسلیم شدہ امریکی کالج یا یونیورسٹی میں کل وقتی انڈرگریجویٹ طالب علم ہونا ضروری ہے اور انہیں پروگرام کے دوران اپنے تعلیمی ادارے کے کیمپس میں موجود رہنا ہوگا۔منتخب ہونے والے طلبہ کو گوگل کے ماہرین سے رہنمائی، جدید اے آئی ٹولز تک ابتدائی رسائی، پیشہ ورانہ نیٹ ورکنگ کے مواقع، خصوصی اعزازات اور مالی معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ پروگرام کے لیے سالانہ معاوضہ 46 ہزار سے 61 ہزار 500 امریکی ڈالر تک رکھا گیا ہے، تاہم حتمی رقم مقام، تجربے اور تعلیمی پس منظر کے مطابق مختلف ہو سکتی ہے۔درخواست دینے کے لیے امیدواروں کو اپنا سی وی یا ریزیومے اور تعلیمی ریکارڈ جمع کرانا ہوگا۔ پروگرام کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ یکم جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔