آئی سی این اے کنونشن 2026 بالٹی مور میں اختتام پذیر
اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ (ICNA) کے 51 ویں سالانہ کنونشن کا بالٹی مور میں انتہائی روح پرور اور شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوگیا، جہاں امریکہ بھر اور دنیا کے مختلف خطوں سے آئے ہوئے پچیس ہزار سے زائد مسلمانوں نے شرکت کی۔
منتظمین کے مطابق اس سال حاضری اور رجسٹریشن نے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیے، جو مسلم کمیونٹی کے بڑھتے ہوئے اتحاد، شعور اور دینی وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔تین روز تک جاری رہنے والا یہ عظیم اجتماع صرف ایک کنونشن نہیں بلکہ امتِ مسلمہ کے اتحاد، محبت اور امید کی ایک جیتی جاگتی تصویر محسوس ہوتا رہا۔ مختلف نسلوں، زبانوں اور ممالک سے تعلق رکھنے والے مسلمان جب اذان کی آواز پر ایک ہی صف میں کھڑے ہو کر اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوتے تو یہ منظر ہر دل کو گہرائی سے متاثر کر دیتا ہے۔کنونشن میں علمی و فکری نشستیں، تربیتی سیشنز، نوجوانوں کی رہنمائی، خاندانی سرگرمیاں اور اسلامی بازار خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔ عید بازار میں غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جہاں جیولری، ملبوسات، اسلامی تحائف، شہد، حلال اشیاء اور حلال میک اپ مصنوعات کے سینکڑوں اسٹالز موجود تھے۔ شرکاء نے بھرپور دلچسپی کے ساتھ خریداری کی جبکہ وینڈرز بھی اس پذیرائی پر خوش دکھائی دیے۔بچوں کے لیے روبوٹ شو، تفریحی سرگرمیاں اور ایک خوبصورت پلے گراؤنڈ کا اہتمام کیا گیا، جبکہ معذور بچوں کے لیے خصوصی پروگرامز نے اس اجتماع کو مزید انسان دوست اور جذباتی بنا دیا۔کنونشن میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک رہی، جو مجموعی شرکاء کا تقریباً پینتیس فیصد تھے۔ یہ شرکت اس بات کی علامت تھی کہ امریکہ میں مسلم نوجوان اپنی دینی و سماجی شناخت کے ساتھ مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں۔ وہیں ماؤں کی گود میں شریک ننھے بچے اس بات کی علامت تھے کہ آنے والی نسلیں بھی اسی ماحول میں پروان چڑھ رہی ہیں۔اس موقع پر معروف صحافی اور تجزیہ نگار مہدی حسن کی شرکت بھی قابلِ ذکر رہی، جنہوں نے مختلف نشستوں اور گفتگو میں شرکت کرتے ہوئے عالمی صورتحال، میڈیا اور مسلم دنیا کے چیلنجز پر اظہارِ خیال کیا۔ ان کی موجودگی نے پروگرام کو مزید فکری اور بین الاقوامی جہت عطا کی۔اسی طرح مختلف معروف اسکالرز، سماجی رہنما اور امریکی سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی اور نوجوانوں کی رہنمائی کی۔ فلسطین سے تعلق رکھنے والے ان خاندانوں کو خصوصی ایوارڈز پیش کیے گئے جنہوں نے قید، ظلم اور شہادت جیسی قربانیاں دی ہیں، جس موقع پر ہال میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے اور شرکاء نے فلسطینی عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔یہ کنونشن امید، اخوت، قربانی اور امت کے زندہ جذبے کا ایک روشن پیغام بن کر اختتام پذیر ہوا، جو شریک افراد کے دلوں میں دیرپا یادوں کے طور پر محفوظ رہے گا۔