جعلی ویزا فراڈ: فلپائنی شہری کو 18 ماہ قید کی سزا، درجنوں غیر قانونی ورک پرمٹ منسوخ
امریکی شہریت و امیگریشن سروسز (USCIS) نے فلپائن سے تعلق رکھنے والے 56 سالہ وینیرانڈو ایکینو مارٹن کو ویزا فراڈ کے جرم میں 18 ماہ قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے ایک سال کی نگرانی میں رہائی (سپر وائزڈ ریلیز) اور 200 ڈالر لازمی جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔استغاثہ کے مطابق مارٹن نے ستمبر 2023 سے اپریل 2025 کے دوران تقریباً 242 جعلی امیگریشن درخواستیں جمع کروائیں جن میں غلط دعویٰ کیا گیا کہ درخواست دہندگان ملازمت کے اجازت نامے کے اہل ہیں۔ اس فراڈ کے نتیجے میں 66 ورک پرمٹ جاری ہوئے، جنہیں بعد ازاں غیر قانونی طور پر ملازمت حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔تحقیقات میں معلوم ہوا کہ مارٹن درخواست گزاروں سے ہزاروں ڈالر وصول کرکے امیگریشن اینڈ نیشنلٹی ایکٹ کی ’’رجسٹری‘‘ شق کے تحت جعلی درخواستیں تیار اور جمع کراتا تھا۔ یہ شق صرف ان افراد کے لیے ہے جو یکم جنوری 1972 سے قبل امریکہ میں داخل ہوئے ہوں، تاہم زیادہ تر درخواست گزار اس شرط پر پورا نہیں اترتے تھے اور بعض تو 1972 سے پہلے پیدا ہی نہیں ہوئے تھے۔یو ایس سی آئی ایس کے ایک افسر نے درخواستوں میں مشتبہ مماثلت دیکھنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں تمام 66 ورک پرمٹ منسوخ کر دیے گئے اور متعلقہ افراد کے خلاف ملک بدری کی کارروائی شروع کر دی گئی۔ حکام کے مطابق یہ تحقیقات ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشنز کے تعاون سے مکمل کی گئیں، جبکہ مقدمے کی پیروی امریکی اٹارنی آفس نے کی۔