حسنین لہری کا نیٹ فلکس سیریز میں ڈیبیو
پاکستانی ماڈل حسنین لہری نے پہلی بار معروف اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کے شو ’دبئی بلنگ سیزن 2‘ میں ڈیبیو دے کر مداحوں کو حیران کردیا۔دبئی بلنگ نامی نیٹ فلکس کی رئیلٹی سیریز دبئی کے فیشن اور امیر گھرانے سے تعلق رکھنے والی عرب خواتین پر مبنی ہے جس کا پریمیئر 2022 میں ہوا تھا۔اس سیریز کی تمام اقساط 45 منٹ طویل ہیں جس میں دبئی کے فیشن، شاندار پارٹیوں اور اور شاندار طرز زندگی کو ظاہر کیا گیا ہے۔پاکستانی ماڈل حسنین لہری کو سیریز کے دوسرے سیزن کی ساتویں قسط میں دیکھا گیا جہاں وہ پاکستان سے اپنی گرل فرینڈ، اماراتی ماڈل و اداکارہ لجین المعروف (ایل جے) سے ملنے دبئی پہنچے ہیں، مختصر سین میں دکھایا گیا کہ دونوں نے ایک ریستوراں میں لنچ کرتے ہیں۔اس دوران حسنین لہری اپنی گرل فرینڈ سے اپنی محبت کا کھل کر اظہار کرتے ہیں۔سیریز کی آٹھویں قسط میں حسنین لہری جذباتی تقریر بھی کرتے ہیں، تقریر کے دوران وہ لجین کو ’ڈریم گرل‘ قرار دیتے ہیں، سیزن کے اختتام میں حسنین لہری اپنے دوستوں کے سامنے لجین کو پروپوز کرتے ہیں۔سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے حسنین لہری کے نیٹ فلکس پر ڈیبیو پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے تعریف کی۔