نیویارک:سکھ ثقافتی ورثہ اور ویساکھی کا تہوار، سٹی کونسل میں تلوار بازی
نیویارک میں سکھ ہیریٹج منتھ اور ان کے مشہور تہوار ویساکھی کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے ۔ سکھ ثقافتی ورثہ کی مناسبت سے سٹی ہال میں رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
نیویارک میں سکھ ثقافتی ورثہ اورویساکھی کی مناسبت سے سٹی ہال میں منعقدہ رنگا رنگ تقریب میں سکھ کمیونٹی کی ثقافت، روایات اور ورثے کو بھرپور انداز میں پیش کیا گیا۔فنکاروں نے اپنی مہارت اور پھرتی کا شاندار مظاہرہ کیا جبکہ گتکا یعنی تلوار بازی کے دلکش مظاہرے نےسب کی توجہ حاصل کرلی ۔
تقریب میں سٹی کونسل کی اسپیکر جولی مینن، کونسل ممبر لن شولمین ، لینڈا لی ،ریٹا جوزف ، دیسی سوسائٹی کی ڈاکٹر مریم سنگھ ، این وائے پی میں پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا اور دیگر نمایاں شخصیت نے بھی شرکت کی ۔کونسل ممبران نے سکھ کمیونٹی کے کردار اور خدمات کو سراہا۔مقررین کا کہنا تھا کہ سکھ برادری نے ہمیشہ محبت، خدمت اور امن کا پیغام دیا ہے۔
اس موقع پر تقریب میں شریک سکھ مقررین کا کہنا تھا کہ ویساکھی صرف ایک تہوار نہیں بلکہ قربانی، محنت اور شکرگزاری کی علامت ہے۔تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر مریم سنگھ اور دیگر کو ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں سائیٹیشن بھی دی گئیں ۔