نیویارک صفائی ستھرائی کے کاموں کیلئے نئی ٹیکنالوجی کی نقاب کشائی
نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور ڈیپارٹمنٹ آف سینی ٹیشن نیویارک سٹی کمشنر جیسیکا ٹش نے موسمِ سرما کے دوران صفائی کے کاموں کو مزید موثر اور بہتر طریقے سے سرانجام دینے کیلئے ایک نئی ٹیکنالوجی بلیڈ رنر ٹو پوائنٹ زیرو کی نقاب کشائی کی۔بلیڈ رنر ٹو پوائنٹ زیرو ٹیکنالوجی شہر کو زیادہ موثر طریقے سے سڑکوں کو صاف کرنے میں مدد فراہم کرنے کیلئے متعارف کرائی گئی ہے۔نئی ٹیکنالوجی حائل رکاوٹوں کو ٹریک بھی کرسکے گی۔امریکی محکمہ موسمیات کی پیش گوئی میں گزشتہ سال کی نسبت رواں برس برف باری کا زیادہ امکان ظاہر کیا گیا ہے۔میئر ایرک ایڈمز کا کہنا ہے کہ ہم موسمِ سرما میں نیویارکرز کو محفوظ رکھنے کیلئے نئی ٹیکنالوجی کو استعمال میں لانے جارہے ہیں جو ہمیں پانچوں بورو میں تقریبا” پانچ ہزار گاڑیوں کو بہتر طریقے سے ٹریک کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ڈپٹی میئر برائے آپریشن میرا جوشی کا کہنا تھا کہ نیویارک میں برف باری کے دوران ہم اس امر کو یقینی بنارہے ہیں کہ شہر میں موسمِ سرما کی تیاری میں ہم کسی سے پیچھے نہ رہیں اور اسی لئے ہم اپنے آپ کو ابھی سے تیار کررہے ہیں۔ چیف آف اسٹاف کیمل جوزف نے کہا کہ ہم موسمِ سرما کی برف کو شہر میں رکاوٹ بننے نہیں دیں گے۔ڈی ایس این وائے کمشنر جیسیکا ٹش نے کہا کہ بلیڈ رنر ٹو پوائنٹ زیرو ایک جدید ترین نظام ہے جو اس شہر کی بہتر خدمت کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے انتظامیہ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔