امریکا میں پیپلز پارٹی کے سیاسی مشیر مقرر، چوہدری محمد شکیل گجر کو نئی ذمہ داری مل گئی
آزاد جموں و کشمیر کے وزیرِاعظم فیصل ممتاز راٹھور نے چوہدری محمد شکیل گجر کو امریکہ میں اپنا سیاسی مشیر مقرر کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق چوہدری محمد شکیل گجر کا تعلق کوٹلی لوہاراں سے ہے اور وہ طویل عرصے سے پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ ہیں۔ تقرری کی خبر سامنے آنے کے بعد پارٹی کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ مختلف رہنماؤں اور کارکنوں نے انہیں مبارکباد بھی دی۔چوہدری محمد شکیل گجر نے اپنی تقرری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور امریکہ میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی تک پارٹی کا پیغام پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ کارکنوں کے جذبات، قربانیوں اور جمہوری اقدار کی ترجمان رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کی مرکزی قیادت کارکنوں کو ہمیشہ عزت اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی منشور کے مطابق عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔