نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے اسمال بزنس منتھ کے موقع پر اعلان کیا ہے کہ ان کی انتظامیہ نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اب تک چھوٹے کاروباروں کو 60 لاکھ ڈالر سے زائد جرمانوں اور اضافی فیسوں سے بچایا ہے۔
میئر کے مطابق ایک ہزار سے زائد کاروباری افراد کو مشاورتی خدمات، قانونی معاونت اور حکومتی قواعد و ضوابط سے متعلق رہنمائی فراہم کی گئی، جس سے کاروباروں کو مالی نقصان سے بچنے میں مدد ملی۔میئر ممدانی نے کہا کہ چھوٹے کاروبار شہر کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، لیکن غیر ضروری بیوروکریسی اور جرمانوں نے کاروباری طبقے کو مشکلات میں ڈال رکھا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ سرکاری نظام کو آسان اور کاروبار دوست بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔شہر بھر میں مئی کے دوران مختلف ورکشاپس، بزنس سیمینارز اور کمیونٹی ایونٹس منعقد کیے جائیں گے، جبکہ 28 مئی کو تیسرا سالانہ بزنس ایکسپو بھی ہوگا جہاں کاروباری افراد کو سرمایہ کاری، قانونی مشوروں اور نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔