vosa.tv
Voice of South Asia!

 ٹرمپ کا 6 جنریشن لڑاکا طیارے F-47 کی تیاری کا اعلان

0

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے سکستھ جنریشن جنگی طیارے کی تیاری کا اعلان کردیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اس طیارے کا نام  ’ایف-47‘ ہوگا۔ حکام کے مطابق اس نام کی وجہ ٹرمپ کا امریکا کا 47واں صدر ہونا بھی ہوسکتی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ایف-47 ایک ایسا طیارہ ہوگا جس کی خصوصیات اور صلاحیتیں بے مثال ہوں گی اور دنیا نے ایسا طیارہ پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔ ٹرمپ نے کہا اس طیارے کی رفتار، گولہ بارود لے جانے کی صلاحیت اور دیگر خصوصیات کا دنیا میں کوئی مقابلہ نہیں۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس طیارے کی تیاری کا معاہدہ امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کو دیا گیا ہے، لیکن اس پروگرام کی مکمل لاگت کا اعلان نہیں کیا گیا۔ امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق یہ جنگی طیارہ تاریخ کا سب سے مہنگا طیارہ ہوگا۔ ایف-47 کے تجرباتی ماڈل ماضی میں پرواز کر چکے ہیں اور امریکی صدر ٹرمپ کے مطابق اس طیارے کے تجرباتی ماڈل کی گزشتہ 5 برسوں سے خفیہ پروازیں جاری ہیں۔ اس موقع پر ٹرمپ کے ساتھ موجود امریکی سیکرٹری دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ  یہ طیارہ امریکا کے فضائی غلبے کو قائم رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایف-15، ایف-16، ایف-18، ایف-22 اور ایف-35 دیکھے ہیں، اب ہمارے پاس ایف-47 ہے۔ اس جنگی طیارے کے ذریعے امریکا اپنے اتحادیوں کو یہ پیغام دے گا کہ وہ کہیں نہیں جا رہے اور اپنے دشمنوں پر واضح کرے گا کہ امریکا آنے والی نسلوں تک دنیا بھر میں طاقت کا مظاہرہ کرنے کے قابل ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ اس طیارے کی تفصیلات ابھی تک خفیہ ہیں اور انہوں نے طیارے کی صرف ایک جھلک میڈیا کے سامنے پیش کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.