vosa.tv
Voice of South Asia!

کیر،شکاگو کا ٹیسٹ آف رمضان ڈنر اور افطار کامیابی سے ہمکنار

0

کیرشکاگو نے  شکاگو کمیونٹی کےساتھ اپنے سالانہ ٹیسٹ آف رمضان ڈنر اور افطار کا شاندار اہتمام کیا، جو اسلامی مقدس مہینے رمضان المبارک کے روزوں کی روحانی اور ثقافتی اہمیت کو اجاگر کرنے کا ایک منفرد موقع تھا۔

یہ تقریب گزشتہ 12 سالوں سےمنعقدکی جارہی ہے اور اس سال یہ اس سلسلے کی  تیرھویں تقریب تھی۔ تقریب کا انعقاد شہر کے ڈاؤن ٹاؤن میں واقع کیر-شکاگو کے دفتر میں  کیا گیا، حاضرین کا استقبال دنیا بھر کے 21 مختلف ممالک کے 30 سے زائد منفرد اور لذیذ پکوانوں سے کیا گیا۔ اس موقع پر کھانے میں بحیرہ روم، عرب لیونٹ، ترکی، یمن، پاکستان، مراکش، فلسطین، الجزائر، مصر، ہندوستان، سینیگال، پولینڈ، آسٹریا، فرانس، سپین اور ایران جیسی ثقافتوں کا رنگ نمایاں تھا۔کیر-شکاگو کے آؤٹ ریچ کوآرڈینیٹر اور اس تقریب کے روحِ رواں عدنان الحبیان نے بتایا کہ یہ پروگرام 2009 میں شکاگو فیسٹیول سے متاثر ہو کر شروع کیا گیا تھا اور اس وقت سے اب تک یہ ایونٹ مقامی سطح پر کمیونٹی کو جوڑنے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا، ٹیسٹ آف رمضان صرف ایک افطار نہیں، بلکہ ایک پلیٹ فارم ہے جہاں مسلمان اور غیر مسلم افراد لذیذ کھانوں اور جاندار گفتگو کے ذریعے آپس میں میل جول بڑھاتے ہیں۔افطار کا اہتمام کیر-شکاگو کے عملے، انٹرنز، دوستوں اور خاندان کے افراد نے اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے دل کھول کر کھانے، سلاد، سائیڈ ڈشز، میٹھے اور خاص مشروبات تیار کیے۔تقریب میں نہ صرف کھانے کا لطف اٹھایا گیا بلکہ اس نے مختلف ثقافتوں اور مذاہب کے افراد کے مابین ہم آہنگی، رواداری اور کمیونٹی کی تعمیر کے جذبے کو بھی فروغ دیا۔یہ تقریب اس بات کا ثبوت ہے کہ رمضان کا پیغام صرف روزہ و عبادت تک محدود نہیں بلکہ محبت، سخاوت اور اتحاد کے جذبے کو اجاگر کرنا بھی اس کا اہم جزو ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.