امریکی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے کو ایک جعلی سرمایہ کاری اور چین ریفرل پیرامیڈ اسکیم چلانے کے جرم میں 40، 40 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ جیوری کی جانب سے جنوری 2026 میں مجرم قرار دیے جانے کے بعد سامنے آیا۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ملزمان لاشونڈا مور اور مارلن مور نے COVID-19 وبا کے دوران “Blessings in No Time (BINT)” کے نام سے ایک سرمایہ کاری اسکیم چلائی، جس میں شہریوں کو جھوٹے منافع کے وعدوں کے ذریعے سرمایہ کاری پر آمادہ کیا گیا۔حکام کے مطابق اس اسکیم کے دوران متاثرین کو 800 فیصد منافع اور محفوظ واپسی کی جھوٹی ضمانت دی جاتی تھی، جبکہ اصل میں یہ نظام نئے لوگوں کی شمولیت اور ان کی ادائیگیوں پر چل رہا تھا۔ اس دھوکہ دہی سے امریکہ بھر میں 10 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے اور مجموعی نقصان 30 ملین ڈالر سے تجاوز کر گیا۔عدالتی دستاویزات کے مطابق یہ اسکیم لائیو اسٹریم سیشنز اور “پلےنگ بورڈ” سسٹم کے ذریعے چلائی جاتی تھی، جہاں نئے افراد کو مسلسل بھرتی کر کے پرانے سرمایہ کاروں کو ادائیگیاں کی جاتی تھیں۔ ملزمان نے اس نظام میں اپنی پوزیشنز بنا کر ذاتی طور پر بھی بھاری رقوم حاصل کیں۔