کبھی اختیارات کو ذاتی فائدے کے لیے استعمال نہیں کیا، ایرک ایڈمز
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا ہے کہ کبھی قانون نہیں توڑا اور نہ ہی اپنے اختیارات کو ذاتی فائدے کے لیے استعمال کیا ہے لہذا کوئی بھی الزام ثابت نہیں ہوا۔
ایرک ایڈمز نے اپنے خلاف قانونی مقدمے کے خاتمے پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے اپنی بے گناہی کا اعادہ کیا اور نیویارک کے شہریوں کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ میئر نے کہا کہ انہوں نے کبھی قانون نہیں توڑا اور نہ ہی اپنے اختیارات کو ذاتی فائدے کے لیے استعمال کیا۔ میئر کے مطابق، استغاثہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات ثابت نہیں ہوئے، اور اب یہ مقدمہ مزید نہیں چلے گا۔ انہوں نے محکمہ انصاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ شہر کے مستقبل پر توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ نیویارکرز ان کے کردار پر سوال اٹھا سکتے ہیں، لیکن وہ اپنی کارکردگی سے عوام کا اعتماد بحال کریں گے۔ میئر نے اپنی انتظامیہ کی کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں نیویارک میں جرائم کی شرح میں تاریخی کمی، سستی رہائش میں اضافہ، اور ملازمتوں کے مواقع بڑھے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت نے 185,000 سے زائد مہاجرین کو خود کفیل بنایا، عوام کو 30 ارب ڈالر کی مالی امداد فراہم کی، چائلڈ کیئر کے اخراجات میں 90 فیصد کمی کی، اور ذہنی صحت کے مریضوں کے لیے سہولیات بڑھائی۔ میئر نے نیویارک کے عوام کو یقین دلایا کہ وہ ان کے ساتھ ہیں اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود ایک محنت کش پس منظر سے آتے ہیں اور ہمیشہ نیویارک کے عوام کے لیے لڑتے رہیں گے۔