
امریکیوں کو بیرون ملک ٹھیکوں کیلئے غیر ملکیوں کو رشوت دینے کے ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط
واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی شہریوں کو بیرون ممالک میں ٹھیکے لینے کیلئے غیر ملکی حکومتوں کو رشوت دینے کے ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کردیے۔
امریکی رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے محکمہ انصاف کو پابند کرنے کے حکم نامے سمیت کئی ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کردیے۔ صدر ٹرمپ نے جس حکم نامے پر دستخط کیے ہیں اس میں اٹارنی جنرل پام بوندی کو حکم دیا گیا ہے کہ نئے اصول جاری ہونے تک 1934 کے قانون پر عمل روک دیں۔ صدر ٹرمپ نے محکمہ انصاف کو حکم دیا ہے کہ وہ اس قانون پر عمل روک دیں جو امریکی کارپوریشنز کو اس بات سے روکتا ہے کہ وہ غیرملکی حکومتوں کے اہلکاروں کو رشوت دیں تاکہ اپنے مالی مفادات حاصل کرسکیں۔ اب ٹھیکوں کیلئے غیر ملکیوں کو رشوت دینے پر امریکیوں کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی۔ صدر ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ اینٹی کرپشن اقدامات امریکا کیلئے تباہی تھے کیونکہ قانون کی خلاف ورزی کیے بغیر ان اقدامات کی وجہ سے بیرونی ملک کوئی معاہدہ عملی طورپر کرنا بہت ہی زیادہ مشکل ہوگیا تھا۔ انہوں نے یہ تاثر دیا کہ کاروبار میں رشوت معمول سمجھی جاتی ہے۔ ٹرمپ کے حکمنامے کی بدولت غیرملکیوں کورشوت دینے میں ملوث اہلکار اب امریکی محکمہ انصاف کی کارروائی سے محفوظ ہوجائیں گے۔