ٹی 20 ورلڈ کپ:نیویارک کے ناقص پچز کے معاملے پر آئی سی سی کا دوٹوک بیان
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے دوران نیویارک کے گراؤنڈ کی غیر معیاری پچز پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے جس پر آئی سی کا بیان بھی آگیا۔آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے نیویارک میں ناقص پچ پر سوال اٹھنے کے باوجو آئی سی سی کا باقی میچوں کو ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم سے باہر منتقل کرنے کے بارے میں کوئی ایسا منصوبہ نہیں ہے۔آئی سی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ نیو یارک سے میچز منتقل کرنے کی خبریں درست نہیں، امریکا میں پچز کا جائزہ لے رہے ہیں اس میں بہتری آئے گی تاہم نیویارک کے کسی بھی میچ کو تبدیل کرنے کے لیے کوئی ہنگامی منصوبہ نہیں ہے۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے دوران نیویارک کے گراؤنڈ کی غیر معیاری پچز پر سابق کھلاڑیوں اور کوچ کی جانب سے تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے کہا تھا کہ نیویارک کی پچ حیران کر دینے والی ہے، کھلاڑیوں کا غیرمعیاری پچ پر کھیلنا ناقابل قبول ہے جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھر نے بھی نیویارک کی پچ کو غیر معیاری قرار دیا۔واضح رہے کہ ورلڈکپ کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کا میچ اتوار کو نیویارک کے نساؤ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔یہ بھی یاد رہے کہ نیویارک کے اس نساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے میچ کے بعد بھارت اور آئرلینڈ کا میچ بھی لو اسکورنگ رہا تھا۔