نیوجرسی: کانگریس کے لیے مسلمان امیدوار ڈاکٹر آدم حماوی نے پرائمری الیکشن میں کامیابی حاصل کرلی
ریاست نیوجرسی سے رکن کانگریس کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی سے مسلمان امیدوار ڈاکٹر آدم حماوی نے پرائمری الیکشن میں کامیابی حاصل کرلی۔ وسط مدتی انتخابات میں ان کا مقابلہ ری پبلیکن امیدوار سے ہوگا۔
امریکی سیاست اور قانون ساز ادا روں میں مسلمانوں کی شمولیت کے لیے کوششیں رنگ لے آئیں ۔نیوجرسی میں ڈسٹرکٹ 12 سے ڈیموکریٹک پارٹی سے کا نگریس مین کے مسلمان اُمیدوار ڈاکٹر آدم حماوی نے پرائمری الیکشن میں میدان مارلیا ۔ان کی جیت پر مسلمان کمیونٹی اور ووٹرز بہت خوش ہیں ۔ڈاکٹر آدم حماویایک سابق امریکی فوجی سرجن ہیں جنہوں نے عراق جنگ میں خدمات انجام دیں۔ ان کی انتخابی مہم کے نعرے ہیلتھ کیئر ناٹ بومبز کی بدولت مختلف ترقی پسند اور کمیونٹی تنظیموں کی بھرپور حمایت حاصل ہوئی ۔پاکستانی امریکن کمیو نٹی کی مختلف تنظیموں نے ان کی انتخابی مہم کے دوران بھرپور کردار ادا کیا ۔ کاروباری و سماجی شخصیت عدنان بخاری نے اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ مل کر ڈاکٹر آدم حماوی کے اعزاز میں گزشتہ ماہ ناساو کاونٹی میں میٹ اینڈ گریٹ اور فنڈ ریزنگ کا اہتمام کیا تھا جبکہ نیوجرسی میں معروف کاروباری و سماجی شخصیت نک سلیم نے بھی ڈاکٹر آدم حماوی کے لیے اپنی رہائش گاہ پر فنڈ ریزنگ منعقد کی تھی ۔ڈیموکریٹک پرائمری میں کامیابی کے بعد ڈاکٹر حماوی اب نومبر میں منعقد ہونے والے الیکشن میں ری پبلیکن حریف کے مدِ مقابل ہوں گے ، کمیونٹی کو امید ہے کہ آدم حماوی عام انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرلیں گے ۔