کویت نے گھریلو ملازمین کی بھرتی سے متعلق اپنی پالیسی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے 10 ممالک کے شہریوں کے لیے روزگار کے دروازے کھول دیے ہیں جبکہ 27 ممالک کے شہریوں پر بھرتی کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
کویتی میڈیا کے مطابق وزارتِ داخلہ نے اس حوالے سے نیا سرکلر جاری کیا ہے، جس کے تحت گھریلو ملازمین (مرد و خواتین) کی بھرتی اب صرف منظور شدہ 10 ممالک سے کی جا سکے گی۔ ان ممالک میں جنوبی افریقہ، بینن، سینیگال (صرف مرد ملازمین)، ایریٹریا، ایتھوپیا، فلپائن، سری لنکا، ویتنام، بھارت اور نیپال شامل ہیں۔حکام کے مطابق بھرتیوں کا عمل گورنریٹ سطح کے سروس سینٹرز کے ذریعے کیا جائے گا، جہاں درخواستوں کی جانچ پڑتال اور منظوری دی جائے گی۔دوسری جانب وزارت نے 27 ممالک کے شہریوں کی بھرتی پر مکمل یا جزوی پابندی بھی عائد کر دی ہے۔ بعض صورتوں میں یہ پابندی صرف خواتین گھریلو ملازمین کی بھرتی تک محدود ہوگی۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ وزارتِ خارجہ، وزارتِ صحت اور پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کی سفارشات کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جس کا مقصد گھریلو لیبر نظام کو منظم کرنا اور انتظامی و سفارتی تقاضوں کو بہتر بنانا ہے۔نئی پالیسی کے بعد متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ بھرتی کے تمام عمل کو نئے قواعد کے مطابق یقینی بنائیں۔