vosa.tv
Voice of South Asia!

پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کا ینگ فزیشنز پروگرام شروع کرنے کا اعلان

0

نیویارک میں اسپرنگ میٹنگ،عید ملن،بیماریوں پر آگہی سیشن اور محفلِ موسیقی نے چار چاند لگادئیے

نیویارک(نمائندہ ووسا ٹی وی /ویب ڈیسک)امریکا میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں پر مشتمل شعبہِ صحت کی سب سے بڑی تنظیم،ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکا کے نیویارک چیپٹر کے زیرِ اہتمام نیویارک کے علاقے اسٹیٹن آئی لینڈ میں واقع  ہلٹن گارڈن میں منعقدہ اسپرنگ میٹنگ اور عید ملن کا  آغاز تلاوتِ کلام ِ  پاک سے ہوا۔ تلاوت کے بعد ڈاکٹر ناہید انجم  نے پہلے امریکا کا قومی ترانہ پیش کیا اور پھر پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا تو پوری ٹیم نے ان کی آواز میں آواز ملائی۔عید ملن میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی نمایاں شخصیات،مختلف سماجی تنظیموں کے ارکان اور ڈاکٹروں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ اپنا نیویارک چیپٹر کی سیکرٹری ڈاکٹر صدف شیخ نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔مہمانِ خصوصی اور نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے کہا کہ اپنا میں شامل پاکستانی ڈاکٹروں نے نہ صرف شعبہِ صحت میں  گراں قدر خدمات انجام دی ہیں بلکہ میڈیکل سائنس کی تعلیم میں نوجوانوں ڈاکٹروں کی بہترین رہنمائی کرکے انھیں کامیاب بنایا ہے ۔تقریب میں اپنا نیویارک چیپٹر کی صدر ڈاکٹر  شمیم سلمان،ڈاکٹر طارق جمیل،ڈاکٹر جاوید راشد،سابق صدر ارشد انور،ڈاکٹر  پرویز اقبال،ڈاکٹر  حسن ڈوگر اور دیگر  بھی شریک تھے  جنھوں نے مہمانوں کی آمد پر ان کا خیر مقدم کیا۔اس موقع پر قونصل جنرل عامر احمد  اتوزئی کا مزید کہنا تھا کہ اپنی کمیونٹی کے مسائل کا حل قونصل خانے کی ہمیشہ اولین ترجیحات میں شامل رہا ہے ، کوشش کریں گے  کہ ڈاکٹروں کے ساتھ  بھی مل کام کریں ۔ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکا کے اپنا نیویارک چیپٹر کی صدر ڈاکٹر شمیم سلمان نے شرکاء سے  خطاب کرتے ہوئے اپنا کے قیام کے اغراض و مقاصد اور اس کی کارکردگی تفصیل سے بیان کی۔ان کا کہنا  تھا کہ تقریب کی رونق مہمانوں کے دم سے ہی ہے، میں تنظیم کی صدر ضرور ہوں لیکن ٹیم ورک کے بغیر کوئی کام بہتر نہیں ہوسکتا۔ ڈاکٹر شمیم  سلمان نے  اپنے خطاب کے دوران  اپنی  ٹیم  اور باالخصوص  اسٹیٹن آئی لینڈ  کے ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے  نوجوان بہت قابل و باصلاحیت ہیں اور اپنا انھیں آگے  بڑھنے میں بھرپور  سپورٹ کر رہی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر رضوان نعیم   نے ڈاکٹر حسن ڈوگر کو مدعو کیا ، انھوں نے بتایا کہ حال ہی میں اپنا نے نوجوان  طلباء اور ڈاکٹروں  کی رہنمائی کے لیے ایک پورٹل  تیار کیا ہے  جس سے وہ  فوری مستفید ہوسکتے ہیں جبکہ  ینگ  فزیشنز پروگرام  مئی کے  آخری  ہفتے میں منعقد ہوگا۔ڈاکٹر  رضوان  نعیم کا کہنا تھا کہ ٹریننگ کے لیے آنے والے  نوجوان ڈاکٹروں کے لیے  اپنا ہاوس نے  ہمیشہ رہائش کی سہولت  فراہم کی ہے، ساتھ ہی ساتھ انھوں نے میڈیکل سائنس کے  طلباء کو امریکا میں  مستقل قیام اور بہتر  مستقبل کے  حوالے سے  مفید مشورے بھی دئیے۔اس موقع پر  ڈاکٹر حسن ڈوگر  نے  اپنا  کے تمام  ممبران کا نوجوانوں کی رہنمائی پر شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا یہ سال بہت اہم اور مصروف گزرے گا، نوجوانوں  کے لیے ینگ فزیشنز پروگرام  اہم کردار ادا کرئے گا۔اپنا کے زیر اہتمام  اسپرنگ میٹنگ اور عید ملن  میں شریک ڈاکٹروں نے کئی اہم ایشوز پر مشاورت کی، اپنی تجاویز کا تبادلہ کیا اور مستقبل میں نوجوانوں کی تربیت و رہنمائی کے حوالےسے مختلف  پروگرام بھی  تشکیل دئیے ۔ اپنا کے  ممبر ڈاکٹر پرویز اقبال نے نیویارک میں پاکستان  کے  قونصل جنرل عامر  احمد اتوزئی کی  کمیونٹی  خدمات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ عامر احمد  اتوزئی کی موجودگی سے یہ یقین اور احساس ہوتا ہے کہ  کمیونٹی کو درپیش  مسائل  فوری حل ہوں گے ۔قبل ازیں تقریب کے آغاز  پر مختلف بیماریوں سے متعلق ایک آگہی سیشن  بھی منعقد  ہوا جس میں ماہرین نے پھیپڑوں کے کینسر،اس کے علاج بچاؤ اور احتیاطی تدابیر  پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر  ڈاکٹر  پرویز  اقبال  نے سگریٹ نوشی کی وجہ سے  پھیپڑوں کی خرابی اور  مسلسل  لاپرواہی کی وجہ سے   کینسر  کا مرض  لاحق  ہونے پر بریفنگ دی، انھوں نے  بتایا کہ کثرت سے سگریٹ نوشی  کے باعث 35 سال کی عمر کے افراد پھیپڑوں کے سرطان میں مبتلا ہورہے ہیں ۔تقریب کے اختتام سے  قبل موسیقی کی محفل بھی سجی۔کمیونٹی کے نوجوان گلوکار نے  استاد  نصرت  فتح علی  خان  مرحوم  کے گایا ہوا گیت کننا  سوہنا  تینو رب  نے بنایا،اپنی آوا ز میں شرکاء  کی سماعتوں کی نذر کیا ۔حاضرین  گائیکی  سے  خوب محظوظ ہوئے  اور  نوجوان گلوکار کی پرفارمنس کو سراہا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.