کولمبیا یونیورسٹی کی ایڈمنسٹریشن کے خلاف کارروائی کا مطالبہ زور پکڑ گیا
طلبا اور استائذہ نے پولیس بلانے کے عمل کو غلط قرار دیا،یونیورسٹی سینٹ کی پولیس کریک ڈاؤن پر تنقید
نیویارک:کولمبیا یونیورسٹی کے طلبا کا احتجاج دنیا بھر کی خبروں کا زینت بنا ہوا ہے اسی کو دیکھا دیکھی امریکا اور یورپ میں طلباء نے فلسطین کی آزادی اور نسل کشی کے خلاف احتجاج کرنا شروع کردیا ۔کولمبیا یونیورسٹی میں جاری احتجاج کے بعد ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے۔یونیورسٹی کی سینیٹ نے نیویارک کیمپس میں فلسطینیوں کے حامی مظاہروں کو روکنے کے لیے پولیس کے استعمال پر انتظامیہ کی سخت سرزنش کی اور غم وغصہ کا اظہار کیا اور قرارداد پاس کی ۔اور کہا کہ معاملہ یونیورسٹی اور طلباء کے درمیان حل ہوسکتا تو پولیس کو بلانے کی ضرورت کیا تھی۔سینٹ نے مطالبہ کیا انتظامیہ کے خلاف انکوائری عمل میں لائی جائے جنہوں نے پولیس کیمپس میں داخل ہونے کی اجازت دی اور بچوں کو پولیس کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ۔پولیس کے کیمپس میں داخلے سے اکیڈمک آزادی کمزور ہوئی ہے جس کی ذمہ دار انتظامیہ ہے۔دوسری جانب یونیورسٹی کے استائذہ اور طلبا کا بھی یہی مطالبہ ہے کہ یونیورسٹی کی صدر اور انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔یونیورسٹی انتظامیہ نے نیویارک پولیس کو غزہ پر اسرائیل کی جارحیت کے خلاف احتجاج کرنے والے طلباء کی طرف سے کیمپس میں لگائے گئے خیمے کو ختم کرنے کی اجازت دی تھی۔ جس کے نتیجے میں 18 اپریل کو سیکڑوں مظاہرین(طلباء) کی گرفتاریاں عمل میں آئی اور پھر طلبا کا احتجاج امریکا بھر کی یونیورسٹیوں میں پھیل گیا جس طرح کا عمل کولمبیا یونیورسٹی میں اپنایا گیا تھا اسی طرح کا عمل دیگر یونیورسٹیوں میں دیکھنے کو ملا ۔طلباء نے غزہ میں نسل کشی بند کرنے ،مکمل جنگ بندی اور اسرائیل کو دی جانے والی امداد ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے یونیورسٹی میں کیمپ لگائے ہوئے تھے۔واضح رہے کہ کولمبیا یونیورسٹی میں طلبا پر پولیس کریک ڈاؤن کے بعد امریکا بھر کے40کیمپس میں اسرائیل مخالف احتجاج شروع ہوگیا ہے ۔پولیس نے اوہایو،ٹیکسس اور فلورایڈا سمیت دیگر یونیورسٹیوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے سینکڑوں طلبا کو گرفتار کیا جبکہ جارجیا یونیورسٹی کے طلبا پر مبینہ طور پر ربڑ کی گولیاں چلائی گئیں جبکہ آنسو گیس کا بھی استعمال کیا گیا ہے