انسپکٹر عدیل رانا کے اعزاز میں این وائے پی ڈی افسران کی تقریب
دوست احباب نے بھرپور شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگائے،محبت پذیرائی دینے پر عدیل رانا کا شکریہ
نیو یارک کے علاقے اسٹیٹن آئی لینڈ میں این وائے پی ڈی آفیسرز کے زیر اہتمام حال انسپکٹر کے عہدے تک پہنچنے والے پہلے پاکستانی نژاد امریکی عدیل رانا کے اعزاز میں”بار بی کیو” پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر تعینات عدیل رانا ترقی کے بعد انسپکٹر بن گئے ہیں،صغیر احمد، مدثر ملک اور زیشان منور کی میزبانی میں منعقدہ پروگرام کا مقصد پہلے پاکستانی کا نیویارک پولیس میں انسپکٹر کے عہدے پر ترقی کو سیلیبریٹ کرنا تھا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔بعداز تلاوت نیویارک پولیس کے چیپلن امام طاہر نے سورۃ الحمد کی فضیلت بیان کی۔تقریب میں این وائے پی ڈی افسران اور امریکی آفیشلز سمیت کمیونٹی کی سماجی شخصیات اور دیگر افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں شریک انسپکٹر عدیل رانا کے کولیگز اور پولیس افسران نے کمیونٹی کے ساتھ ساتھ اپنے ساتھیوں کے لئے کی جانیوالی عدیل رانا کی خدمات کو سراہتے ہوئے ترقی پر انھیں مبارکباد دی اور مستقبل میں انکی کامیابی کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔اس موقع پر انسپکٹر عدیل رانا کا اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے لئے یہ سب آپ لوگوں سے تعاون اور محبت کی وجہ سے ممکن ہوا ہے اور اتنی پذیرائی اور محبت دینے پر میں آپ سب کا ممنون ہوں۔تقریب کے آخر میں انسپکٹر عدیل رانا اور سارجنٹ محمد علی کی لوٹیننٹ کے عہدے پر ترقی کے سلسلے میں کیک بھی کاٹا گیا۔بعدازاں مہمانوں کی مزے مزے کے پکوانوں سے تواضع کی گئی اور شرکاء انواع و اقسام کے کھانوں سے خوب لطف اندوز ہوئے۔