vosa.tv
Voice of South Asia!

دریا میں ڈوبنے والے6افراد کے زندہ بچنے کی امیدیں ختم

0

امریکہ کے شہر بالٹی مور کے مشہور فرانسس اسکاٹ پل سے ایک کارگو جہاز ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں پل ٹوٹ کر دریا میں جا گرا۔  پُل تباہ کرنے والے مال بردار جہاز  کا عملہ بھارتی نکلا۔ عملہ 22 نفوس پر مشتمل تھا جو مکمل طور پر محفوظ رہا۔امریکی ریاست میری لینڈ کے علاقے بالٹی مور میں واقع مقبول اور قدیم پونے دو میل لمبا پل اُس وقت گرا جب ایک کارگو شپ برج سے جا ٹکرایا۔ جس وقت پل ٹوٹااس کے اوپر گاڑیاں چل رہی تھیں اور متعدد مسافروں سمیت دریا میں گر گئیں۔تاہم ریسکیو عملے نے آپریشن شروع کر دیا ہے۔انڈیا ٹوڈے  کی رپورٹ کے مطابق  فرانسس اسکاٹ  برج جس مال بردار جہاز کی ٹکر سے تباہ ہوا وہ بھارت سے تعلق رکھتا ہے۔ شواہد سےمعلوم ہوا ہے کہ تیز رفتاری سے آنے والے جہاز نے اچانک راستہ بدلا اور پل سے آ ٹکرایا۔ جہاز کے ٹکرانے سے پُل پر سے گزرنے والی کئی گاڑیاں دریا میں جا گریں۔ دو افراد کو بچالیا گیا جبکہ 6 کی تلاش جاری ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ  ڈوبنے والے افراد کے زندہ بچ جانے کی امیدیں ختم ہو گئیں ہیں ۔ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب ڈیڑھ بجے رونما ہوا۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جہاز کے عملے نے مقامی اتھارٹیز کو ’پاور اشو‘ کے حوالے سے خبردار بھی کیا تھا۔ دی چارٹر مینیجر سائنرجی میرین گروپ لمٹیڈ نے بتایا کہ اس واقعے سے آلودگی نہیں پھیلی۔ سنگاپور کے پرچم کا حامل اس جہاز کی مالک سنگاپور کی گرین اوشن پرائیویٹ لمٹیڈ نامی فرم ہے۔میری لینڈ کے گورنر ویز مور نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ جہاز خاصی تیز رفتار سے آرہا تھا اور اِس نے آخری لمحات میں توانائی ختم ہونے کا الرٹ دیا۔ جہاز کی طرف سے الرٹ ملنے کے بعد متعلقہ اہلکاروں نے گاڑیوں کو پُل پر آنے سے روکا۔ اگر یہ اقدام نہ کیا گیا ہوتا تو درجنوں گاڑیاں پانی میں جا گرتیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.