تیرہ ہزار فٹ کی بلندی پر دنیا کی طویل ترین سرنگ کا افتتاح
وزیر اعظم مودی نے شمال مشرقی ریاستوں میں تقریباً۵۵؍ ہزار ۶۰۰؍ کروڑ کے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے سنیچر کو شمال مشرقی ریاستوں اروناچل پردیش، منی پور، میگھالیہ، ناگالینڈ، سکم اور تریپورہ میں تقریباً۵۵؍ ہزار۶۰۰؍کروڑ روپے کے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔ اس میں ریل، سڑکیں، صحت، ہاؤسنگ، تعلیم، سرحدی انفراسٹرکچر، آئی ٹی، بجلی، تیل اور گیس اور دیگر شعبےکے پروجیکٹ شامل ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اروناچل پردیش کے ایٹا نگر میں دنیا کی سب سے لمبی سرنگ `سیلا ٹنل سمیت کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ ہندوستان میں ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے مودی نے کہا ’’ہمارا شمال مشرق ہندوستان کی تجارت، سیاحت اور جنوبی ایشیا اور مشرقی ایشیا کے ساتھ دیگر تعلقات کی مضبوط کڑی بننے جا رہا ہے۔ آج یہاں ۵۵؍ ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے منصوبوں کا افتتاح یا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ آج اروناچل پردیش کے۳۵؍ ہزار غریب خاندانوں کو ان کے مستقل مکان مل گئے ہیں۔ اروناچل پردیش اور تریپورہ کے ہزاروں خاندانوں کو نل کے کنکشن مل گئے ہیں اور مختلف ریاستوں سے روابط کے متعدد پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا جا رہا ہے۔