فروٹ لاجسٹکس نمائش 2024 آج سے برلن میں شروع، 94 ممالک کے نمائش کنندگان شریک
اس نمائش میں اس سال 94 ممالک کے 2770 نمائش کنندگان حصہ لے رہے ہیں۔ جبکہ انتظامیہ کے مطابق نمائش میں دنیا بھر سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد خریداروں کی شرکت متوقع ہے۔اس نمائش میں تازہ پھلوں اور سبزیوں کے علاوہ پھولوں، مختلف نرسریوں، اسی سیکٹر کی مشینری و ٹیکنالوجی، اسمارٹ ایگری اور گرین ہاؤس بزنس کے علاوہ بیجوں، کیمیکل اور آرگینک فرٹیلائزرز اور اس پوری تجارت سے متعلق بار برداری اور لاجسٹکس کے نمائش کنندگان اپنی مصنوعات اور سروسز دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ناگزیر وجوہات کی بنا پر اس سال پاکستان نے اپنا پویلین نہیں بنایا لیکن چند پاکستانی کمپنیاں اس نمائش میں ضرور شرکت کر رہی ہیں۔ دوسری جانب فروٹ لاجسٹیکا نمائش کی انتظامیہ کے مطابق اس سال 2020 کے بعد پہلی مرتبہ 40 سے زائد ممالک کے نیشنل پویلین لگائے گئے ہیں جن میں یہ ممالک اس فیلڈ سے متعلق اپنی مصنوعات لائے ہیں۔اس نمائش میں یورپی دارالحکومت برسلز میں قائم پاک بینیلکس اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا وفد بھی شرکت کر رہا ہے جو پاکستان اور یورپ کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافے اور پاکستانی مصنوعات کی یورپی منڈیوں یا یہاں کے رابطوں کے ذریعے دنیا کے دیگر حصوں میں ان کی فراہمی میں بہتری کیلئے کوشاں ہے۔