مرکزی وزیر شانتنو ٹھاکر کا دعویٰ-ملک میں ایک ہفتہ کے اندر CAA نافذ ہو جائے گا
مرکز کی نریندر مودی حکومت میں سٹیزن شپ امینڈمینٹ قانون پیش کیا گیا تھا، اس قانون کے تحت 31 دسمبر 2014 تک بنگلہ دیش، پاکستان اور افغانستان سے ہندوستان آنے والے مظلوم غیر مسلموں کو ہندوستانی شہریت دی جائے گی۔شانتنو ٹھاکر نے مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ کے کاکدویپ میں ایک پروگرام میں کہا کہ میں گارنٹی دے رہا ہوں کہ اگلے 7 دنوں میں یہ قانون نہ صرف بنگال میں بلکہ پورے ملک میں نافذ ہو جائے گا۔اس قانون کے بارے میں انہوں نے گزشتہ سال دسمبر میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی تقریر کا بھی ذکر کیا جس میں امت شاہ نے شہریت ترمیمی قانون کو ملک کا قانون قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اس کے نفاذ کو کوئی نہیں روک سکتا۔ یہ قانون پارلیمنٹ نے دسمبر 2019 میں منظور کیا تھا۔ پارلیمنٹ سے منظور ہونے کے بعد اسے منظوری کے لیے صدر کے پاس بھیج دیا گیا۔ اس کے بعد ملک کی مختلف ریاستوں میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اس معاملے کو لے کر دہلی میں بھی کئی مہینوں تک احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔