بھارت میں شدید سردی کے باعث متعدد ریاستوں میں اسکول بند کردیے گئے
دہلی کے اسکول 23جنوری کو کھول دیئے گئے تھے، مگر شدید سردی کی لہر کے باعث اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کردیئے گئے ہیں۔چندی گڑھ انتظامیہ کے مطابق نرسری سے کلاس 5 تک کے اسکولوں کو 28 جنوری تک بند رکھنے کا حکم صادر کیا گیا ہے، اب 29 جنوری سے اسکولوں میں جونیئر کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔مقبوضہ کشمیر کے اسکول 28 جنوری سے کھول دیئے جائیں گے، مقبوضہ کشمیر کی انتظامیہ نے بھی 27 جنوری تک اسکول بند رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ہریانہ حکومت نے ریاست کے اسکولوں کو 27 جنوری 2024 تک بند رکھنے کی ہدایات دی ہیں۔ تاہم یہ حکم صرف نرسری سے پانچویں تک کی کلاسز کے لیے ہے۔اس حکم کی وجہ سے دہلی این سی آر کے علاقوں میں گروگرام اور ہریانہ کے فرید آباد کے اسکولوں میں پانچویں جماعت تک کے طلباء کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا سلسلہ جاری رہے گا۔دہلی این سی آر، نوئیڈا اور غازی آباد کے دیگر علاقوں سمیت پوری ریاست میں اسکولوں کو بند رکھنے کا کوئی حکم سامنے نہیں آیا، تاہم لکھنؤ اور آگرہ کے ڈی ایم کی طرف سے پہلی سے آٹھویں جماعت کے اسکولوں کو 24 جنوری تک بند رکھنے کا کہا گیا ہے۔