بھارت میں 3 ریلوے ملازمین کو ممبئی کی لوکل ٹرین نے کچل دیا
تینوں مغربی ریلوے کے ملازمین تھے جو سگنل سے متعلق خرابی کو ٹھیک کر رہے تھے کہ اچانک لوکل ٹرین کی زد میں آ گئے، گورنمنٹ ریلوے پولیس کے مطابق حادثہ پیر کی شب وسئی روڈ اور نیگاؤں کے درمیان پیش آیا، لوکل ٹرین چرچ گیٹ کی طرف جا رہی تھی، اسی دوران تینوں ریلوے ملازمین ٹرین کی زد میں آئے۔جاں بحق ملازمین میں چیف سگنل انسپکٹر واسو مترا، الیکٹریکل سگنل مینٹینر اتم لامبوترے اور ہیلپر سچن وانکھڑے شامل ہیں، یہ سبھی ملازمین مغربی ریلوے کے ممبئی ڈویژن کے سگنل ڈپارٹمنٹ سے تعلق رکھتے تھے، یہ ملازمین کچھ سگنل پوائنٹس کو ٹھیک کرنے گئے تھے۔مغربی ریلوے نے اس حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، دوسری طرف ریلوے افسران کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 55-55 ہزار کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔