کوئنز میں نئی ایم ٹی اے بس سروس کا آغاز
کوئنز(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے کوئنز میں چھ سال سے زائد منصوبہ بندی کے بعد ایم ٹی اے کی نئی بس سروسز کا آغاز ہو گیا ہے، جس کا مقصد شہر کے پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور شہریوں کے سفر کے وقت کو کم کرنا ہے۔
امریکی خبررساں ادارے اے بی سی کے مطابق، کوئنز بس نیٹ ورک ری ڈیزائن منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت 16 نئی بس روٹس شروع کی گئیں، 67 روٹس میں تبدیلی کی گئی جبکہ 5 روٹس کو ختم کر دیا گیا۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز 31 اگست سے ہوگا جس میں مزید ایک نیا روٹ شامل، 37 روٹس میں تبدیلی جبکہ ایک روٹ کو ختم کر دیا جائے گا۔ ایم ٹی اے کے مطابق روزانہ آٹھ لاکھ سے زائد کوئنز کے شہری بسوں پر انحصار کرتے ہیں اور نئی منصوبہ بندی سے ان کے سفر کو تیز اور مؤثر بنایا جائے گا۔ ایم ٹی اے کے چیئر اور سی ای او جانو لیبر نے کہا کہ "نئی بس اسکیم، خودکار، کیمرہ مانیٹرنگ جیسے اقدامات کے ذریعے ایم ٹی اے بسوں کی سروس بہتر بنا رہا ہے۔ منصوبے کے تحت اب مسافر اگر ایک ہی کارڈ یا ڈیوائس سے کرایہ ادا کریں تو انہیں ہر سفر میں دوسری بس پر مفت ٹرانسفر کی سہولت دی جائے گی۔ پہلا ٹرانسفر پہلے ٹیپ کے دو گھنٹے کے اندر اور دوسرا ٹرانسفر تین گھنٹے کے اندر ہونا ضروری ہو گا۔ یہ پائلٹ اسکیم آئندہ چھ ماہ تک نافذ رہے گی۔ دوسری جانب گورنر کیتھی ہوکل اور ایم ٹی اے نے اعلان کیا ہے کہ بروکلین، کوئنز، برونکس اور اسٹیٹن آئی لینڈ میں 14 مقامی بس روٹس پر سروس میں اضافہ کیا جا رہا ہے، تاکہ سفر کو مزید آسان اور موثر بنایا جا سکے۔ متاثرہ روٹس میں برونکس کے Bx10، Bx17، Bx23، Bx28/Bx38، بروکلین کے B17، B26، B74، B103، کوئنز کے Q13، Q28، Q35، Q66، Q69 اور اسٹیٹن آئی لینڈ کا S79 SBS شامل ہے۔