برانکس: 40 سالہ خاتون چاقو کے وار سے قتل
برانکس(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے برانکس میں ایک نامعلوم شخص نے 40 سالہ خاتون کو ان کے اپارٹمنٹ میں چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا۔
حکام کے مطابق، یہ واقعہ برانکس کے علاقے ویک فیلڈ میں رات 8 بج کر 30 منٹ کے بعد ایسٹ 232 اسٹریٹ پر واقع ایک رہائشی عمارت میں پیش آیا۔ جائے وقوعہ پر پہنچنے والے افسران کو 40 سالہ خاتون سینے اور دائیں بازو پر چاقو کے زخموں کے ساتھ ملی۔ ریسکیو اہلکاروں نے خاتون کو فوری طور پر مونٹی فیور اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور عوام سے درخواست کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس بارے میں معلومات ہوں تو وہ فوراً پولیس سے رابطہ کرے۔