vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں بڑے جرائم میں نمایاں کمی، مگر نفرت انگیز جرائم میں اضافہ

0

نیویارک:(بیورو رپورٹ) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران قتل، فائرنگ  اور فائرنگ سے متاثرہ افراد  کی تعداد میں تاریخی  کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ  ڈکیتی ،  گاڑی چوری کی واردات  سمیت دیگر  جرائم کی روک تھام پر بھی قابو پایا ہے تاہم نفرت انگیز جرائم  کی شرح میں آٹھ فیصد  اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنوری سے مئی 2026 تک شہر میں 102 قتل کے واقعات رپورٹ ہوئے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 129 واقعات کے مقابلے میں 20.9 فیصد کم ہیں۔ اسی دوران فائرنگ کے واقعات 5.7 فیصد کم ہو کر 247 رہ گئے جبکہ فائرنگ سے متاثرہ افراد کی تعداد 7.1 فیصد کمی کے ساتھ 289 ریکارڈ کی گئی، جو دونوں نئی تاریخی کم ترین سطح ہے۔صرف مئی 2026 میں مجموعی بڑے جرائم میں 10.6 فیصد کمی دیکھی گئی۔ اس ماہ 9,662 بڑے جرائم رپورٹ ہوئے جبکہ مئی 2025 میں یہ تعداد 10,809 تھی۔ سال کے پہلے پانچ ماہ میں مجموعی بڑے جرائم میں 6.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، اور شہر کے تمام پانچ بوروزمیں جرائم میں کمی دیکھی گئی۔اسی طرح مئی کے دوران فائرنگ کے صرف 51 واقعات اور 58 متاثرین رپورٹ ہوئے، جو اس مہینے کے لیے اب تک کے کم ترین اعداد و شمار ہیں۔ بروکلین میں فائرنگ کے واقعات میں سب سے زیادہ، یعنی 47.6 فیصد کمی دیکھی گئی۔دیگر اہم جرائم میں بھی نمایاں کمی آئی۔ ڈکیتی میں 18.1 فیصد، چوری میں 19.5 فیصد، گاڑیوں کی چوری میں 13 فیصد اور گرینڈ لارسنی میں 12.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم سنگین حملوں میں معمولی 0.4 فیصد اضافہ ہوا۔پولیس رپورٹ  کے مطابق سرکاری رہائشی منصوبوں میں بھی جرائم میں نمایاں کمی آئی۔قتل کے واقعات میں 46.7 فیصد، فائرنگ کے واقعات میں 24.5 فیصد اور ڈکیتی میں 24.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ  مجموعی بڑے جرائم میں سالانہ بنیاد پر 8.7 فیصد اور مئی کے دوران 11.6 فیصد کمی ہوئی۔پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیویارک کے سب وے نظام میں بھی صورتحال بہتر رہی۔ مئی میں ٹرانزٹ جرائم میں 6.5 فیصد کمی ہوئی اور پورے مہینے کے دوران سب وے میں فائرنگ کا کوئی واقعہ یا متاثرہ شخص رپورٹ نہیں ہوا۔تاہم  نفرت پر مبنی جرائم میں اضافہ دیکھا گیا۔ رواں سال مئی میں  68 تصدیق شدہ نفرت انگیز جرائم رپورٹ ہوئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 74.4 فیصد زیادہ ہیں۔ ان میں سے 60 فیصد سے زائد واقعات یہودی مخالف نوعیت کے تھے۔ سال کے پہلے پانچ ماہ میں مجموعی تصدیق شدہ نفرت انگیز جرائم میں 8.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔نیویارک پولیس کی کمشنر جیسیکا ٹش  نے  ڈیٹا پر مبنی پولیسنگ، گینگز کے خلاف کارروائیوں اور تاثرہ علاقوں میں پولیس کی مؤثر تعیناتی جرائم کی شرح  میں کمی  کی اہم وجہ قرار دیا۔پولیس  کے مطابق رواں سال اب تک 20 گینگز کے خلاف بڑے آپریشن کیے گئے ہیں اور تقریباً 2 ہزار  غیر قانونی اسلحہ قبضے میں لیا گیا۔۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.