ناساو کاونٹی الیکشن، پاکستانی نژاد شہریار علی ایک بار پھر میدان میں آگئے
نیویارک کی ناساو کاونٹی کے الیکشن میں ری پبلیکن پارٹی نے لیجسلیٹر کے لیے پاکستانی نژاد امریکی اُمیدوار شہریار علی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے ۔شہریار علی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کمیونٹی کے بہتر مستقبل کے لیے انتخاب لڑ رہے ہیں ۔
ناسا کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ 14 سے لیجسلیٹر کے انتخاب کی دوڑ میں شامل پاکستانی نژاد امریکن امیدوار اٹارنی شہریار علی کے اعزاز میں ایک شاندارفنڈریزنگ ڈنر کا اہتمام کیا گیا ، ری پبلیکن پارٹی کے چیئر مین جو کائرو نے شہریارعلی کی حمایت میں منفرد انداز میں علی علی کے نعرے بھی لگوادیے ۔تقریب میں ری پبلیکن پارٹی کی قیادت اور پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات شریک ہوئیں۔شرکاء سے خطاب میں ناساو کاونٹی ری پبلیکن پارٹی کے چیئر مین جو کائرو کا کہنا تھا کہ ہم ناساو کاونٹی کو نیویارک سٹی نہیں بنانا چاہتے، کاونٹی میں اکثریت ری پبلیکنز کی ہے، شہریار علی کی کامیابی سے ہماری طاقت میں اضافہ ہوگا۔
فنڈ ریزنگ ڈنر میں شہریار علی کے والد اور ناسا کاؤنٹی ایگزیکٹو کے سینئر ایڈوائزر چوہدری اکرم رحمانیہ ، ایشئن امریکن افیئرز کے ڈائریکٹر عون نقوی اور دیگر بھی شریک تھے ۔شہر یار علی نے خطاب کرتے ہوئےری پبلیکن پارٹی کی قیادت سے اظہارِ تشکر کیا ۔ ان کا کہنا تھاکہ ہمیں اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کے بارے میں سوچنا چاہیے،چار نومبر کے الیکشن میں پاکستانی اور ساؤتھ ایشین امریکن کمیونٹی کا کردار بہت اہم ہوگا۔ ویلی سٹریم کی فتح ہی اگلے کاونٹی لیجسلیٹر کا فیصلہ کرے گی،آپ ری پبلیکنز ہیں یا ڈیموکریٹ میری کامیابی دراصل ہم سب کی کامیابی ہوگی۔
اس موقع پر ویلی اسٹریم ری پبلیکن کمیٹی سے جان دی گریس اور ٹاؤن ہیمپسٹیڈ کے سپر وائزر جان فریٹی کا کہنا تھاکاونٹی کی بہتری اولین ترجیحات رہیں، پراپرٹی ٹیکس میں 70 ملین ڈالر کی کمی کی۔اس موقع پر تقریب میں شریک ری پبلیکن پارٹی کے دیگر رہنماوں نے بھی شہریار علی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ مقررین نے امید کا اظہار کیا کہ نومبر کے الیکشن میں شہریار علی ضرور کامیاب ہوں گے ۔تقریب کے شرکا نے شہریار علی کو اپنی مکمل تائید و حمایت کا یقین دلایا۔ مقررین نے کہا کہ ہم سب کو اپنے لئے ، اپنے بچوں کے لئے اور اپنی آنیوالی نسلوں کے لئے انتخابی عمل میں اپنا مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔