vosa.tv
Voice of South Asia!

ایڈمز کا کرایہ داروں کے لیے نیا پائلٹ پروگرام متعارف

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کرایہ داروں کے مالی استحکام اور کریڈٹ اسکور میں بہتری کے لیے ایک نئے پائلٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، اس نئے پروگرام کے تحت کم آمدنی والے افراد کے لیے مخصوص ہاؤسنگ منصوبوں میں رہائش پذیر اہل کرایہ داروں کی وقت پر کی گئی کرایہ ادائیگیوں کو بڑے کریڈٹ بیوروز کو رپورٹ کیا جائے گا۔ یہ پروگرام نیویارک سٹی ہاؤسنگ پریزرویشن اینڈ ڈیولپمنٹ (HPD)، ہاؤسنگ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (HDC) اور کرایہ رپورٹنگ پلیٹ فارم "ایسوسو” کے اشتراک سے 15 ماہ کے لیے شروع کیا گیا ہے، جس کا دائرہ کار ابتدائی طور پر 500 گھروں تک محدود ہوگا۔ میئر نے کہا ہے کہ پروگرام کا مقصد کرایہ داروں کے کریڈٹ اسکور بہتر بنا کر انہیں گھروں کی ملکیت کے قابل بنانا اور نسل در نسل دولت بنانے کے عمل کو فروغ دینا ہے۔ حکام کے مطابق کرایہ کی بروقت ادائیگی اگرچہ زیادہ تر خاندانوں کا سب سے بڑا ماہانہ خرچ ہوتی ہے لیکن یہ کریڈٹ اسکور میں شامل نہیں کی جاتی، جس کے باعث خاص طور پر سیاہ فام اور ہسپانوی برادریوں کو مالی ترقی میں رکاوٹ کا سامنا رہتا ہے۔ ایڈمز نے کہا ہے کہ جو لوگ ہر ماہ وقت پر کرایہ ادا کرتے ہیں، ان کی مالی ذمہ داری کا اعتراف کریڈٹ اسکور میں بھی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام سٹی آف یس فار فیملیز منصوبے اور "ویئر وی لیو” فئیر ہاؤسنگ پلان کا حصہ ہے، جو کرایہ داروں کو مکان کے مالک بننے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو کم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ میئر کے مطابق پروگرام میں شامل کرایہ داروں کو ستمبر 2025 سے ستمبر 2026 تک اپنی کرایہ کی ادائیگیوں کی رپورٹنگ کا موقع دیا جائے گا، جب کہ تین ماہ کی ابتدائی آگاہی مہم رواں ماہ سے شروع ہو چکی ہے۔ اس اقدام کے نتائج کی بنیاد پر آئندہ شہر بھر میں توسیع پر غور کیا جائے گا۔ شہر کی ہاؤسنگ پالیسی کے تحت، ایڈمز انتظامیہ پہلے ہی "ہوم فرسٹ” ڈاؤن پیمنٹ اسسٹنس پروگرام کے لیے فنڈنگ کو دوگنا کر چکی ہے اور مختلف منصوبوں کے ذریعے 80,000 نئے گھروں کی تعمیر کے لیے تاریخی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.