vosa.tv
Voice of South Asia!

فلوریڈا کے دو رہائشیوں پر 100 ملین ڈالر کی چوری کا الزام

0

فلوریڈا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا کے دو افراد پر وفاقی محکمہ انصاف نے ایک غیر منافع بخش ادارے سے 100 ملین ڈالر چوری کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، یہ تنظیم خصوصی ضروریات اور معذوری کے شکار افراد کے مالی معاملات کی نگہداشت کے لیے قائم کی گئی تھی۔ محکمہ انصاف کے مطابق، 67 سالہ لیو جوزف گووونی اور 60 سالہ جان لیو وائٹک پر الزام ہے کہ انہوں نے تقریباً 15 سال تک Center for Special Needs Trust Administration (CSNT) کے نام سے کام کرنے والی تنظیم کے فنڈز کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کیا۔ ان افراد نے معذور افراد کے اعتماد کو پامال کرتے ہوئے ادارے کے پیسوں کو نجی بینک اکاؤنٹس، ریئل اسٹیٹ کی خریداری، نجی جیٹ سفر، بریوری کے قیام، اور ذاتی قرضوں کی ادائیگی جیسے مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ گووونی اور وائٹک پر وائر اور میل فراڈ، منی لانڈرنگ، اور سازش کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جبکہ گووونی پر اضافی طور پر بینک فراڈ، غیر قانونی مالیاتی لین دین، اور دیوالیہ پن سے متعلق غلط بیانات دینے کے الزامات بھی شامل ہیں۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق، 2009 سے 2025 تک ملزمان نے اپنے ساتھ ملے دیگر افراد کے ساتھ مل کر خصوصی افراد کے فنڈز کو دھوکہ دہی سے چُرایا اور جعلی اکاؤنٹ اسٹیٹمنٹس کے ذریعے معذور متاثرین کو غلط معلومات فراہم کیں۔ تنظیم نے 2024 میں دیوالیہ ہونے کی درخواست دی اور بتایا کہ اس کے ٹرسٹ اکاؤنٹس سے 100 ملین ڈالر سے زائد رقم غائب ہے۔ اگر الزامات ثابت ہو گئے تو دونوں ملزمان کو وائر اور میل فراڈ، منی لانڈرنگ اور دیگر الزامات پر 20 سے 30 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ کیس کی تحقیقات ایف بی آئی، آئی آر ایس، ہیلتھ اینڈ ہیومن سروسز اور سوشل سیکیورٹی حکام مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔ حکام نے کہا ہے کہ یہ اقدام مالی جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف جاری کوششوں کا حصہ ہے، جو معاشرے کے کمزور ترین طبقوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ فردِ جرم صرف ایک الزام ہے اور تمام ملزمان کو عدالت میں مجرم ثابت ہونے تک بے گناہ تصور کیا جاتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.