ایڈمز کا میلروز میں لا سینٹرل فیز 2 کا افتتاح
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے برونکس کے میلروز محلے میں 420 نئے سستے گھروں کی تعمیر کے لیے “لا سینٹرل” منصوبے کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، 343 ملین ڈالر لاگت کے اس منصوبے میں شہر کی جانب سے 137 ملین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جبکہ منصوبے کے تحت 63 اپارٹمنٹس بے گھر افراد کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں۔ میئر نے کہا فیز II کے تحت مختلف اقسام کے رہائشی یونٹس کے ساتھ 13,000 مربع فٹ کی کمیونٹی سہولت، 1,500 مربع فٹ کی ریٹیل اسپیس اور 7,000 مربع فٹ کے نئے عوامی باغات بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ یہ مرحلہ "لا سینٹرل” منصوبے کا آخری مرحلہ ہے جو مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد مخلوط آمدنی والے مکانات، پروڈکشن اسٹوڈیو اور وسیع سبزہ زار پر مشتمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترقیاتی منصوبہ ان کی “City of Yes for Families” حکمت عملی کا تسلسل ہے، جس کے تحت شہر بھر میں نئے مکانات اور خاندانی دوست محلے قائم کیے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ کا ہدف 2032 تک 500,000 نئے گھر تعمیر کرنا ہے، جن میں سے 2,000 گھروں کی پیشرفت رواں ہفتے شہر بھر میں جاری ہے۔ ایڈمز کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل 2028 تک متوقع ہے، جس کے بعد نہ صرف سستے مکانات دستیاب ہوں گے بلکہ برادری کی ضروریات سے ہم آہنگ سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی، جن میں بچوں کے لیے تعلیمی مواقع، سبزہ زار، اور جدید شہری سہولتیں شامل ہیں۔