vosa.tv
Voice of South Asia!

ایڈمز کا جیل بیج ختم کر کے جدید میرین ٹرمینل بنانے کا اعلان

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے برونکس میں واقع سابقہ جیل بیج "ورنن سی بین کریکشنل سینٹر” کو مکمل طور پر ہٹانے اور اس کی جگہ جدید "ہنٹس پوائنٹ میرین ٹرمینل” قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، اس اقدام کا مقصد برونکس کے صنعتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا، مقامی روزگار کے مواقع پیدا کرنا، اور شہر کی سپلائی چین کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ میئر ایڈمز کے مطابق، یہ منصوبہ برونکس کی معیشت کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف مقامی کاروباروں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ نیویارک شہر کے لیے ایک جدید لاجسٹک مرکز بھی وجود میں آئے گا۔  نئے ٹرمینل کی تعمیر سے ٹرکوں پر انحصار کم ہو گا، جس سے فضائی آلودگی اور ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہونے کی امید ہے۔ نیویارک سٹی اکنامک ڈیولپمنٹ کارپوریشن (NYCEDC) کے مطابق اس منصوبے سے آئندہ 30 سال میں 3.9 ارب ڈالر کی معاشی سرگرمی متوقع ہے جبکہ 400 تعمیراتی اور 100 مستقل ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ نئی سہولت کی بدولت ہر ماہ تقریباً 9,000 ٹرکوں کی آمد و رفت کم ہو جائے گی جس سے شہر میں ٹریفک اور آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی۔میئر ایڈمز کے مطابق یہ منصوبہ شہر کے ساحلی علاقوں کو ترقی دینے کے "ہاربر آف دی فیوچر” وژن کا حصہ ہے۔ منصوبے میں سائیکل ٹریک کا دائرہ بڑھانے، ہنٹس پوائنٹ کے لیے گرین جابس پیدا کرنے اور مقامی افراد کو تربیت و روزگار فراہم کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔ ساتھ ہی 2027 تک زمین کی صفائی اور آلودگی ختم کرنے کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف ماحولیاتی انصاف کو فروغ دے گا بلکہ جنوبی برونکس میں طویل عرصے سے موجود جیل کے اثرات کو بھی ختم کرے گا۔ برونکس بورو صدر ونیسا گبسن اور کونسل ممبر رافیل سالامنکا سمیت کئی مقامی رہنماؤں نے اس اقدام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جنوبی برونکس کی ترقی اور بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.