vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک کے 100 بہترین ریستورانوں کی فہرست جاری

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے کھانے کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری ہے کہ "دی نیویارک ٹائمز” نے شہر کے 100 بہترین ریستورانوں کی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں پاکستانی نژاد امریکی شہری کے زیرِ انتظام مشہور ریستوران "ڈیرا” (Dera) کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

یہ فہرست "دی نیویارک ٹائمز” کی جانب سے شائع کی گئی ہے جس میں شہر بھر کے پانچوں بورو سے مختلف ذائقوں اور کلچرز کے بہترین کھانوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ فہرست کو تین مشہور فوڈ کریٹکس پریا کرشنا، ملیسا کلارک اور ایڈیٹر برائن گیلاگر کی زیرنگرانی تیار کیا گیا ہے، جنہوں نے درجنوں گھنٹے سب وے میں سفر کر کے سینکڑوں پکوانوں کا ذائقہ چکھا اور 20,000 سے زائد ریسٹورنٹس کا جائزہ لینے کے بعد اس فہرست کو ترتیب دیا۔ اس فہرست میں نیویارک کے تمام بڑے علاقوں، مختلف قومیتوں کے کھانوں، قیمتوں اور کھانے کے انداز کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ ان 100 ریستورانوں میں نمایاں ناموں میں جنوبی ایشیائی ذائقوں کو پیش کرنے والا “ڈیرا” (Dera) ریستوران بھی شامل ہے جو کوئنز کے علاقے جیکسن ہائٹس میں واقع ہے۔ “ڈیرا” پاکستانی، انڈین، بنگلہ دیشی اور نیپالی کھانوں کی پیشکش کے باعث فہرست میں شامل کیا گیا۔ ڈیرا کی خصوصی پہچان اس کے دیسی کھانے ہیں جن میں نہاری، بریانی، حلیم، دہی بھلے اور حلوہ پوری شامل ہیں، جو جنوبی ایشیائی کمیونٹی میں خاصے مقبول ہیں۔ ریسٹورنٹ کے مالک پاکستانی نژاد سیف نغرا ہیں، جنہوں نے 2004 میں اس ریسٹورنٹ کا آغاز کیا تھا۔  ڈیرا واحد ایسا پاکستانی ریسٹورنٹ ہے جس نے اس نمایاں فہرست میں جگہ بنائی جو نہ صرف نیویارک میں جنوبی ایشیائی کھانوں کی پذیرائی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ پاکستانی کمیونٹی کی نمائندگی کا بھی مظہر ہے۔  فہرست میں ابتدائی 10 ریسٹورنٹس کو رینکنگ کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، جب کہ باقی 90 کو حروفِ تہجی کے مطابق شامل کیا گیا ہے۔ فہرست میں شامل سرفہرست 10 ریستورانوں میں سیمّا، آٹومکس، لی برنارڈین، کاباوا، ہا’ز اسنیک بار، کنگ، پینی، سوشی شو، سچوان ماؤنٹین ہاؤس اور ٹیٹیانا از کوامی انواچی شامل ہیں جو بھارتی، کورین، فرانسیسی، کیریبین، چینی اور امریکی ذائقوں کی بھرپور نمائندگی کرتے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیویارک سٹی واقعی ایک عالمی ذائقہ رکھتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.