vosa.tv
Voice of South Asia!

کرایہ داروں کے حقوق نظرانداز کرنے پر نیویارک انتظامیہ کی سخت کارروائی

0

نیویارک کے میئر زوہران ممدانی اور ہاؤسنگ پریزرویشن اینڈ ڈیولپمنٹ (HPD) نے برونکس کے دو رہائشی منصوبوں کے مالکان کے خلاف 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا ریکارڈ جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جو اس ادارے کی تاریخ کا سب سے بڑا جرمانہ قرار دیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق یہ جرمانہ رابرٹ فلٹن ٹیرس اور فورڈہم ٹاورز کے مالکان پر عائد کیا گیا، جہاں تقریباً 500 اپارٹمنٹس میں رہنے والے مکین برسوں سے خراب حالات کا سامنا کر رہے تھے۔ شکایات میں لفٹ کی بار بار خرابی، ہیٹنگ اور گرم پانی کی عدم فراہمی، اور چوہوں و کیڑوں کی بھرمار شامل تھی۔عدالتی فیصلے کے تحت ایک آزاد چیف ری اسٹرکچرنگ آفیسر بھی مقرر کیا گیا ہے جو مرمت کے کام کی نگرانی کرے گا۔ اس کے علاوہ مالکان کے بینک اکاؤنٹس سے 9 لاکھ ڈالر سے زائد رقم منجمد کر کے مرمتی کاموں کے لیے مختص کی گئی ہے تاکہ رہائشیوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔میئر ممدانی نے کہا کہ کوئی بھی مکان مالک قانون سے بالاتر نہیں اور شہریوں کو محفوظ اور باعزت رہائش فراہم کرنا ان کا بنیادی حق ہے۔ حکام نے مزید کہا کہ وفاقی ادارے فینی مے کے ساتھ مل کر ان عمارتوں کے لیے ایک ذمہ دار خریدار تلاش کیا جائے گا تاکہ طویل مدتی بنیادوں پر بہتری یقینی بنائی جا سکے۔یہ مقدمہ 2024 میں دائر کیا گیا تھا اور حکام کے مطابق یہ کارروائی ان مکان مالکان کے خلاف ایک واضح پیغام ہے جو کرایہ داروں کے حقوق کو نظرانداز کرتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.